گندم خریداری سکینڈل، سیکرٹری انچارج نیشنل فوڈ سیکورٹی کیپٹن (ر) محمد آصف کو عہدے سے ہٹا دیاگیا

ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو نیا سیکریٹری قومی غذائی تحفظ اور تحقیق تعینات کردیا گیا،کابینہ ڈویژن نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 3 مئی 2024 11:51

گندم خریداری سکینڈل، سیکرٹری انچارج نیشنل فوڈ سیکورٹی کیپٹن (ر) محمد ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 مئی 2024 ء) گندم خریداری سکینڈل، وزیراعظم کی ہدایت پر سیکرٹری انچارج وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی کیپٹن (ر) محمد آصف کو عہدے سے ہٹا دیاگیا، کابینہ ڈویژن نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ،ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو نیا سیکریٹری قومی غذائی تحفظ اور تحقیق تعینات کردیا گیا ہے۔پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 21 کے ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ نیشنل فوڈ سیکورٹی کیپٹن (ر)محمد آصف کو نگران حکومت کے دور میں 25 جنوری 2024 کو ابتدائی طور پر 3 ماہ کیلئے نگران وزیراعظم کی مشاورت سے سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکورٹی کا کرنٹ چارج دیا گیا تھا، کیپٹن (ر)محمد آصف کی جگہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تقرر کے منتظر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 22 کے ڈاکٹر فخرِ عالم وفاقی سیکرٹری وزارتِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی تعینات کئے گئے ہیں،سٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تقرر و تبادلوں کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیںیاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نے گندم کی درآمد کے حوالے سے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی جو ذمہ داران کا تعین کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں گندم کے ذخائر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اعلی سطح کا جائزہ اجلاس ہوا تھا۔وزیرِاعظم نے کہا کہ کسانوں کو انکی محنت کا معاوضہ جلد پہنچایا جائے وزیرِ اعظم نے گزشتہ برس گندم کی درآمد کے حوالے سے وزارت قومی غذائی تحفظ سے استفسار کیا، گزشتہ برس گندم کی اچھی پیداوار کے باوجود گندم کی درآمد کا فیصلہ کن وجوہات کی بنا پر لیا گیا۔پنجاب میں کسان حکومت کی جانب سے گندم نہ خریدنے پر سراپا احتجاج ہیں۔29 اپریل کو گندم خریداری کے حوالے سے مسائل کے خلاف کسانوں کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کے اعلان کے بعد کسان بورڈ کے صدر رشید منہالہ سمیت 30 سے زائد کسانوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔