کوئٹہ میں چوری ، ڈکیتی اور راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی

جمعہ 3 مئی 2024 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2024ء) کوئٹہ میں چوری ، ڈکیتی اور راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی جمعہ کو آرچر روڈ پر دن دیہاڑے 2 مسلح ملزمان نے حجام کی دکان میں گھس کر دکان میں موجود تمام افراد کو یرغمال بنا کر ان سے 6موبائل فونز اور ہزاروں روپے لوٹ کر فرار ہو گئے پولیس نے بتایا کہ آرچر روڈ کے علاقے پیر ابوالخیر روڈ پر واقع حجام کی دکان میں گزشتہ روز 2مسلح افراد داخل ہوئے دکان میں موجود افراد کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر ان سے 6موبائل فونز اور ہزاروں روپے لوٹ کر فرار ہو گئے اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پرپہنچ کر علاقے کی ناکہ بندی کر دی جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ قبضے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ۔

(جاری ہے)

عوامی حلقوں نے ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ، ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ سے شہر میں دن دیہاڑے بڑھتی ہوئی چوری ، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کا تدارک کرنے اور پولیس کے گشت کو شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔