آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک ، چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

ہفتہ 4 مئی 2024 21:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2024ء) آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک ، وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرم جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ملک کے میدانی علاقوں میں تیز ہوائیں /جھکڑ چلنے کی بھی توقع ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک/مطلع جزوی ابرآلود جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم رہا تاہم بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اورشمالی بلوچستان میں چند مقامات پر بارش بھی ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 9، کالام 7، دروش 5، چترال، پاراچنار 4، میرکھانی 3، دیر (بالائی 3، زیریں 2)، پٹن 2، بالاکوٹ، سیدو شریف ایک، راولاکوٹ 3، بگروٹ 2، استور اور بارکھان میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

ہفتہ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق شہید بینظیر آباد میں درجہ حرارت 42، جیکب آباد 41، بہاولنگر، چھور، دادو، قصور، لسبیلہ، مٹھی، موہنجوداڑو اور ٹنڈو جام میں 40 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا ہے۔