تعمیراتی کام میں معیار اور مقدار کا خصوصی خیال رکھا جائے، فضل حکیم

ہفتہ 4 مئی 2024 21:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے مینگورہ جنازگاہ کا دورہ کیا ، متعلقہ حکام کو جنازگاہ کی تعمیر پر جاری کام کو تیز کرنے اور اسے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر سٹی میئر شاہد علی خان، پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے مختلف یو سی چیئرمین، جہانزیب گوگل، نعمت شاہ اور دیگر بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔

وزیر جنگلات نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں معیار اور مقدار کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن سے قبل عوام سے وعدہ کیا تھا کہ اگر ہم کامیاب ہوئے تو مینگورہ پیپلز چوک جناز گاہ کی تعمیر ہنگامی بنیادوں پر کرینگے اور آج ہم نے اپنا وعدہ ایفا کر دیا اور اس پر دوبارہ کام شروع کیا۔صوبائی وزیر زراعت فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ انہیں احساس ہے کہ جناز گاہ کی تعمیر پر تاخیر کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور یہ جناز گاہ مینگورہ کی سب سے بڑی جنازہ گاہ ہے مگر فنڈز کی عدم دستیابی اور بعض وجوہات کی بناء پر اس پر تعمیراتی کام بند ہوا تھا لیکن اب اسے ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد مکمل کرائیں گے۔