ہری پور پولیس نے خاوند کے قتل میں ملوث ملزمہ اور اسکے ساتھی کو گرفتار کر لیا

منگل 7 مئی 2024 21:08

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2024ء) ہری پور پولیس نے خاوند کے قتل میں ملوث ملزمہ اور اسکے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔ایس ایس پی انوسٹی گیشن ہری پور جمیل الرحمان نے ڈی ایس پی سرکل صدر فدا محمد،ایس ایچ او تھانہ کھلابٹ صدیق شاہ اور تفتیشی سٹاف کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مورخہ 02.05.2024 کو مقتول(زاہد عباس)کی بیوی نے تھانہ کھلابٹ میں رپورٹ درج کروائی کہ مقتول گاؤں بھیرہ میں ٹریکٹر ٹھیک کروانے کا بول کر گیا ہے جو تاحال گھر واپس نہیں آیا،تھانہ کھلابٹ پولیس نے حساسیت کو دیکھتے ہوئے مقدمہ علت 188 مورخہ 02.05.2024 جرم 365 تعزیرات پاکستان درج کیا،مورخہ 05.05.2024 کو کھلابٹ بائی پاس(چونگی نمبر 3)کے نزدیک سے لاش ملی جس کی شناخت زاہد عباس ولد غلام حسین شاہ سکنہ منکرائے حال میلم گاؤں سے ہوئی جس پر مقدمہ میں 302 تعزیرات پاکستان کی ایزادگی کی گئی۔

(جاری ہے)

ڈی پی او ہری پور سلیمان ظفر نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے وقوعہ میں ملوث ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرنے اور آلہ قتل کی برآمدگی سے متعلق احکامات جاری کیے۔ایس ایچ او تھانہ کھلابٹ نے تفتیشی سٹاف اور دیگر نفری پولیس کے ہمراہ مقدمہ میں جدید سائنسی و تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے مقتول کی بیوی مسماۃ(ن)زوجہ زاہد عباس سکنہ منکرائے حال عالم گاؤں کو مشکوک جان کر انٹاروگیٹ کیا،دوران تفتیش مسماۃ(ن)نے اپنے آشناء مقصود ولد میاں رضا سکنہ میانوالی کے ساتھ مل کر قتل کرنے کا انکشاف کیا جس پر ملزمہ اور ملزم مقصود کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمہ نے اپنے شوہر مقتول زاہد عباس کی اغوائیگی کا ڈرامہ رچا کر جھوٹی رپورٹ درج کروائی تھی۔