آزادکشمیر ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کا اجلاس، پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی مدرسہ شماری کا فیصلہ

بدھ 8 مئی 2024 21:35

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2024ء) آزادجموں وکشمیرپرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز(رجسٹریشن اینڈ ریگولیشن) اتھارٹی کا اجلاس چیئرمین ریگولیشن اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی سید سلیم گردیزی کی زیر صدارت منعقد ہوا ، آزادجموں وکشمیر ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے زیر انتظام وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ہنر مند کشمیر پروگرام پر عملدرآمد کے سلسلہ میں جملہ پرائیویٹ ادارہ جات سے رابطہ سازی، رجسٹریشن ، ا لحاق و دیگر امور کی یکسوئی کیلئے اتھارٹی کی جانب سے اسسٹنٹ ڈائریکٹرا کا ؤنٹس سید مبشر علی نقوی کو آزادکشمیر کے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی مدرسہ شماری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں سید طالب حسین شاہ ناظم اعلیٰ ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن (مردانہ) ظہور احمد خان ڈائریکٹر ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم جملہ ڈسڑکٹ ایجوکیشن آفیسران(مردانہ و نسواں) کے علاوہ صدر آزادکشمیر پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن (اپسکا) اور نمائندہ ریڈفاؤنڈیشن نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پرائیویٹ تعلیمی ادارہ جات کی رجسٹریشن، تجدید رجسٹریشن اور اپ گریڈیشن کے معاملات زیرغور لانے کے فیصلےکئے گئے۔

اجلاس میں یہ امر بھی زیرغور آیا کہ آزادکشمیر کے تعلیم کے حوالے سے قومی اہداف اورایس ڈی جیز بالخصوص ایس ڈی جی فور میں تعین کردہ تعلیمی اہداف کا پابند ہے جن کے تحت ریاست بھر میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مقداری و معیاری اہداف کی تکمیل ضروری ہے۔سرکاری شعبہ کے جملہ تعلیمی اعدادوشمار کا ہر سال سروے اور سینسس کرواکر رپورٹ جاری کی جاتی ہے لیکن پرائیویٹ شعبہ کے تعلیمی اعدادوشمار کی مصدقہ تفصیل دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے شعبہ تعلیم میں قومی سطح پر آزادکشمیر کی درست صورت حال کے تعین اور اہداف کے حصول کی منصوبہ بندی میں دشواری پیش آرہی ہے۔

اس امر کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا کہ امسال پرائیویٹ تعلیمی ادارہ جات کے طلبہ و طالبات، سٹاف، عمارات، لائبریریز، لیبارٹیز اور جملہ سہولیات از قسم پینے کے پانی، واش روم، بجلی، باؤنڈری وال، کھیلوں و تفریح کی سہولیات وغیرہ سمیت جملہ تفصیلات کی فراہمی کیلئے جامع سروے کروایا جائے گا۔اس ضمن میں ظہور احمد خان ڈائریکٹر ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کو انچارج کے فرائض تفویض کئے گئے ہیں۔جملہ مرکزی، ڈویژنل اور ضلعی آفیسران محکمہ تعلیم سکولز، پرائیویٹ ادارہ جات کی باڈیز اور دیگر تنظیم کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی۔جملہ ڈسڑکٹ ایجوکیشن آفیسران اپنے اپنے اضلاع میں اس سرگرمی کے انچارج ہوں گے۔