جنگلات آزادکشمیر کی قومی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں،انصر یعقوب خان

حکومت آزادکشمیر نے ٹمبرمافیا کے خلاف عملی اقدامات کئے ہیں،چوہدری انوارالحق کی کاوش سے جنگلات کے تحفظ کیلئے آرڈیننس جاری ہوچکاہے، سیکرٹری جنگلات آزاد کشمیر

بدھ 8 مئی 2024 23:16

حویلی کہوٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2024ء) آزادکشمیر کے سیکرٹری اطلاعات و جنگلات انصر یعقوب خان نے کہا ہے کہ جنگلات آزادکشمیر کی قومی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں،موجودہ حکومت آزادکشمیر نے ٹمبرمافیا کے خلاف عملی اقدامات کئے ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق کی کاوش سے جنگلات کے تحفظ کے لئے آرڈیننس جاری ہوچکاہے، جنگلات سے کسی خطے یا علاقے کے قدرتی حسن میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔

محکمہ جنگلات کے افسران و اہلکاران جنگلات کے رقبہ کے تحفظ کو یقینی بنائیں،گارڈ سے لیکر مجھ تک ہر بندہ اپنے فرائض احسن طریقے سے سر انجام دے، جہاں جنگلات نہیں ہیں وہاں زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں تاکہ جنگلا ت کا سارا رقبہ سرسبز و شاداب ہوسکے۔

(جاری ہے)

محکمہ جنگلات کی نرسریوں میں مختلف قسم کے پودا جات اگائے جائیں اور زمینداروں میں بھی پودے اگانے کے ترغیب دی جائے، وہ ان خیالات کا اظہار حویلی کہوٹہ محکمہ جنگلات کے افسران و اہلکاران کی ایک میٹنگ سے خطاب کے دوران کر رہے تھے۔

اس موقع پر ناظم جنگلات پونچھ سرکل راولاکوٹ سید مفسر گیلانی، مہتمم جنگلات باغ،مہتمم جنگلات حویلی اظہر بشیر، مہتمم جنگلات حویلی واٹر شیڈ اعجاز میر، تجدید سردار لطیف مغل بھی موجود تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ جنگلات کے بنیادی کاموں کے لیے زیادہ فنڈز مہیا کریں گے،محکمہ جنگلات کے اندر میرٹ کی بالادستی کے لیے کام کر رہے ہیں جنگلات کے محکمہ میں بہتری لانی ہے تو میرٹ پر فیصلہ جات کرنے ہونگے بہتریں فیصلوں سے ہی محکمہ کا مورال بحال ہو گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ جنگلات میں جہاں تعیناتی ہو گی وہاں سے ہی تنخواہ ملے گی،محکمہ کی خالی پوسٹوں پر انصاف میرٹ اور قانون کے مطابق پر بھرتیاں کی جائیں گی تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ افسران اور اہلکاران اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سر انجام دیں،ہمارے ملک میں ماحولیاتی آلودگی سب سے بڑا مسلہ ہے جتنے زیادہ جنگلات ہوں گے اس سے ماحولیاتی تبدیلیوں اور آلودگی کے تدارک میں مثبت اثرات مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔