سرکاری سکول معیاری سکول کا سلوگن لے کر آگے بڑھ رہے ہیں، فرق جلد دکھائی دیگا،رانا سکندر حیات

بدھ 8 مئی 2024 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2024ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے سینئر صحافیوں اور اینکرز نے گزشتہ روز ملاقات کی،ترجمان کے مطابق ملاقات میں صوبائی وزیر نے صحافیوں اور اینکرز کو ممکنہ تعلیمی اصلاحات اور چیلنجز سے آگاہ کیا،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ "سرکاری سکول، معیاری سکول" کا سلوگن لے کر آگے بڑھ رہے ہیں، ایسا تعلیمی ماڈل بنانے کیلئے کوشاں ہیں کہ نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ سرکاری تعلیمی اداروں میں داخلے کی خواہش کا اظہار کریں گے،انہوں نے کہا کہ فیک انرولمنٹ کے خاتمہ کیلئے جامع منصوبہ بندی لا اور پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ طلبہ انرولمنٹ کی نادرا ویری فیکیشن کی جا رہی ہے، ایک سال بعد سرکاری تعلیمی اداروں کے معیار میں واضح فرق دکھائی دے گا ، رانا سکندر حیات نے کہا کہ دو سالہ کنٹریکٹ والے اساتذہ کی میڈیکل انشورنس پالیسی لا رہے ہیں جبکہ کوالٹی ایجوکیشن بڑھانے میں کردار ادا کرنے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کیلئے ٹیچر ایوارڈ پروگرام لانے کے ساتھ ساتھ کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کو سکوٹی بھی دے رہے ہیں، وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ فی میل گریجویٹس کو خودمختار بنانے کیلئے آئی ٹی کی جدید مہارات سکھائیں گے، طلبہ ایکسچینج پروگرام کیلئے بیشتر ممالک کی یونیورسٹیوں سے روابط استوار کرنے جا رہے ہیں،آئندہ سال سے پبلک سیکٹر کے تعلیمی اداروں کے ایک ہزار طلبہ کو فارن سکالرشپ پر بھیجیں گے، رانا سکندر حیات نے کہا کہ کرپشن اور ہراسمنٹ پر زیرو ٹالیرنس پالیسی اختیار کی جا رہی ہے جبکہ میرٹ ہر صورت ترجیح ہے،وزیر تعلیم نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ آنے والی تعلیمی اصلاحات معیار تعلیم کے ساتھ ساتھ تعلیمی نظام کی بہتری میں بھی معاون ثابت ہوں گی، ملاقات میں سینئر صحافی وجاہت مسعود، اجمل جامی، عرفان اصغر، محسن بھٹی، فرخ وڑائچ،ساجد خان اور دیگر شریک تھے۔