امن و امان کے لیئے لیاقت آباد کے تاجروں کا ہنگامی اجلاس، پولیس افسران کی بھی شرکت

لیاقت آباد ، حیدری و دیگر تجارتی مراکز کے اطراف پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے، آل کراچی تاجر الائنس

اتوار 12 مئی 2024 18:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) آل کراچی تاجر الائنس کے نائب صدر ولیاقت آباد حیدری جیولرز کے صدر سید سرفرازاحمد کی صدارت میں لیاقت آبا دڈسٹرکٹ سینٹرل سرکل آفس میں امن وامان کے حوالے سے ہنگامی اجلاس کا انعقاد ، اجلاس میں پولیس کے افسران کی شرکت، لیاقت آباد وحیدری زرگران کے صدر شیخ شجاع الدین، چیئرمین سید مبشر احمد، لیاقت آباد حیدری جیولرز کے جنرل سیکرٹری ہارون زندانی، نائب صدر شیخ محمد نیاز، آصف چاند، عمران باوانی، فرحان بیگ، شیخ محمد زاہد، جنرل سیکرٹری زرگران محمد حنیف، نائب صدر محمد اسد، سینئر نائب صدر محمد عامر، محمد امجد، محمد ارشاد، طاہر بیگ ودیگر بھی موجود تھے، اس موقع پر آل کراچی تاجر الائنس کے نائب صدر و لیاقت آباد حیدری جیولرز کے صدر سید فرازاحمد نے کہا کہ شہرقائد میں امن وامان کے قیام کے لیئے پولیس اور رینجرز کی کاوشیں قابل ستائش ہیں ، دیرپا اور مستقل بنیادوں پر قیام امن کے لیئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے، لیاقت آباد کی مارکیٹوں کے تاجر اپنے مدد آپ کے تحت سیکورٹی کے انتظامات کررہے ہیں لیکن مارکیٹوں کی حفاظت کے لیئے پولیس کی نفری بڑھائی جائے، حیدری مارکیٹ سمیت ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے اور رینجرز کی چوکیاں بھی بنائی جائیں، بڑہتی ہوئی مہنگائی اور غربت جرائم کی شرح میں اضافے کا باعث بن رہی ہے بیروزگاری کے مارے لوگ جرائم کی لت میں پڑرہے ہیں حالات کو کنٹرول کرنے کے لیئے مزید جامع اقداما ت کرنے ہوں گے تاجروں، دکانداروں اور تجارتی مراکز کی فل پروف سیکورٹی حکومت وقت کی ذمہ داری ہوتی ہے لیاقت آباد کی مارکیٹس ، حیدری مارکیٹ اور دیگر کاروباری مراکز میں روانہ کی بنیادوں پر اربوں روپے کی کاروباری سرگرمیاں ہوتی ہیں جس سے حکومت کو بھی کروڑوں روپے میں ریونیو ملتا ہے تاجروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ محمد نیاز نے کہا کہ شہرقائد کو امن کاگہوارہ بنانے کے لیئے سیکورٹی اداروں کا کردار لائق تعریف ہے اور سندھ پولیس اور رینجرز نے کراچی کے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیئے اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کیے ہیں ، سیکورٹی اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ دیر پا اور پائیدار امن کے لیئے مزید اقدامات وقت کی ضرورت بن چکے ہیں، سندھ پولیس اور رینجرز شہر میں اسٹریٹ کرائمز، لوٹ مار اور ڈکیتیوں کی وارداتوں کو کنٹرول کرنے کے لیئے علاقوں میں گشت بڑھائیں ۔