رفح میں بڑی فوج کارروائی کو ہر حال میں روکنا چاہیے، گوتیرش

یو این پیر 13 مئی 2024 02:15

رفح میں بڑی فوج کارروائی کو ہر حال میں روکنا چاہیے، گوتیرش

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 13 مئی 2024ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ رفح میں اسرائیل کے بڑے حملے کی صورت میں تباہ کن انسانی نقصان ہو گا اور ایسی کسی کارروائی کو ہر صورت روکا جانا چاہیے۔

انہوں نے یہ بات قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔

اس موقع پر دونوں نے اتفاق کیا کہ جنوبی غزہ کے اس گنجان علاقے میں جنگ سے گریز ضروری ہے۔

سیکرٹری جنرل کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، انہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ہونے والی بات چیت میں قطر کے بطور ثالث کردار کی بھرپور ستائش کی۔

سیکرٹری جنرل نے کویت کے امیر شیخ مشال الاحمد الجابر سے بھی بات کی اور اس دوران غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

لاکھوں افراد کا رفح سے انخلا

فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انرا) نے بتایا ہے کہ ایک ہفتے میں تقریباً 300,000 افراد غزہ سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔ اسرائیل کی فوج نے رفح میں حماس کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں کو علاقہ چھوڑنے کا حکم دے رکھا ہے۔

نقل مکانی کرنے والوں کی بڑی تعداد اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ بے گھر ہو چکی ہے۔ 'انرا' کا کہنا ہے کہ غزہ میں کوئی محفوظ جگہ نہیں رہی جہاں یہ لوگ پناہ لے سکیں۔