غزہ،24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں سے مزید 82 فلسطینی شہید

اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 35 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے، وزارت صحت غزہ

بدھ 15 مئی 2024 17:28

مقبوضہ غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 82 فلسطینی شہید ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں حملے بڑھا دیے ہیں، اسرائیلی ٹینکوں، بلڈوزروں اور بکتربند گاڑیوں نے جبالیہ میں بیگھرافراد کے مراکز کا بھی محاصرہ کرلیا جب کہ رفح میں اسرائیلی فوج کے حملے مسلسل جاری ہیں۔

رفح اور جبالیہ کیمپ کے علاقوں میں اس وقت اسرائیلی فوج اور حماس کے جنگجوں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

عرب میڈیا کا بتانا تھاکہ صیہونی غزہ کے مظلوم شہریوں کیلئے امداد لانے والی گاڑیوں اور ٹرکوں پر بھی حملے کررہے ہیں جب کہ رفح کے قریب واقع یورپین اسپتال کو جنریٹرز کیلئے ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے مطابق رفح میں اسرائیلی فوج کی زمینی کارروائی کے آغاز کے بعد اب تک 4 لاکھ سے زائد افراد رفح چھوڑ کر غزہ کے دیگر شہروں اور کیمپوں میں چلے گئے ہیں، یہ تمام شہری بے سروسامانی کی حالت میں ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کا کہنا تھاکہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 35 ہزا سے زائد افراد شہید اور 78 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔