Live Updates

بجٹ میں خوشخبریاں دیں گے ،وزیر اعظم کی پہلی ترجیح معیشت کی بحالی ہے ‘ رانا تنویر حسین

گندم درآمد سکینڈل پر بہت ایشو سامنے آئے ہیں ،بہت جلد انکوائری مکمل ہوجائے گی ‘ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار

اتوار 19 مئی 2024 18:45

بجٹ میں خوشخبریاں دیں گے ،وزیر اعظم کی پہلی ترجیح معیشت کی بحالی ہے ..
مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2024ء) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ 2014کا دھرنا ہو ،2017ہو ، 2018کے الیکشن ہوں یا عدم اعتماد کی تحریک ہو تین ججز کے ٹولے نے عمران خان کیلئے ہمیشہ سہولت کاری کی جو آج بھی نظر آرہی ہے ،نواز شریف اپنے بیانیے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ،نواز شریف درست بات کہہ رہے ہیں کہ جب عام آدمی جوابدہ ہے تو سہولت کار ججز جوابدہ کیوں نہیں ہیں ۔

ملاقات کے لئے آئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ جب نواز شریف کو نکالا گیا پاکستان معاشی طور پر بہت ترقی کررہا تھا ،سازش کے تحت نواز شریف کو ہٹایا گیا اورپاکستان کی تباہی کا سامان کیا گیا جس کی سزا آج عوام مہنگائی اوربیروزگاری کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو آئے دو ماہ ہوئے ہیں ،اس دورانیے میں مہنگائی کم ہوئی ،بجٹ میں خوشخبریاں دیں گے ،وزیر اعظم شہباز شریف کی پہلی ترجیح معیشت کی بحالی ہے ،جس طرح کسانوں کو کھاد میں سبسڈی دی ہے صنعت کی بحالی کیلئے بھی حکومت بہت سے پیکج لے کر آرہی ہے ۔

انہوں نے کہا گندم درآمد سکینڈل پر بہت ایشو سامنے آئے ہیں ،بہت جلد انکوائری مکمل ہوجائے گی اس کے قصور وار سزا سے نہیں نہیں بچیں گے ۔ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ ہم نے مولانا فضل الرحمن کی ہمیشہ بات مانی ہے ،آکر بات کریں ہم ان کا حکم مانیں گے لیکن باہر باتیں نہ کریں ۔انہوں نے کہا کرغستان میں پاکستانی طلبا ء کے ایشو پر وزیر اعظم شہباز شریف نے فوری ایکشن لیا ،پاکستانی طلبا ء کی حفاظت حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مایہ ناز ایجنسیز نے آزادکشمیر میں دشمن کی سازشیں ناکام بنائیں ،بھارت ہمارا دشمن ہے وہ اپنے ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان میں فساد پھیلانے کی کوشش کرتا ہے مگر ہماری ایجنسیز آنکھیں کھلی رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی کیس بھگت رہے ہیں ،عدالتیں ان کے مستقبل کا فیصلہ کریں گی ۔ میں صرف اتنا کہتا ہوں پاکستان کی تباہی کا ذمہ دار بانی پی ٹی آئی ہے جس کے سہولت کار آج بھی متحرک ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات