آئندہ آنے والا بجٹ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے،شیخ رشید

حالات ایسے ہوچکے ہیں کہ زندگی گزارنا لوگوں کے بس میں نہیں، آئندہ بجٹ میں تنخواہیں پوری کرنا بھی حکومت کے بس کی بات نہیں،عدالت میں پیشی پر میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 20 مئی 2024 11:38

آئندہ آنے والا بجٹ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے،شیخ رشید
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 مئی 2024 ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہناہے کہ آئندہ آنے والا بجٹ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے،حالات ایسے ہوچکے ہیں کہ زندگی گزارنا لوگوں کے بس میں نہیں، آئندہ بجٹ میں تنخواہیں پوری کرنا بھی حکومت کے بس کی بات نہیں،جو کچھ غریب عوام کے ساتھ ہورہا ہے وہ بہت زیادتی ہے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ غریب کا خیال کریں، بجٹ میں 17 گریڈ تک کے ملازمین کی تنخواہ دگنی کی جائے ورنہ یہ لاوا پھٹے گا۔

مہنگائی اور خاص طور پر بجلی کا بل تباہ کن ہے۔یہ غیر مقبول حکومت ہے۔ اتنے کیسز ہیں ہر روز عدالت میں پیش ہورہے ہیں۔ مجھے یہ نہیں معلوم کہ یہ کیس کیا ہے۔

(جاری ہے)

پہلے کیس بناتے ہیں پھر بعد میں نام ڈالتے رہتے ہیں۔ ایران اور سعودی عرب ہمارے آزمائشی دوست ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کی باتیں قوم سن رہی ہے۔ دریں اثناءڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں سینئر سیاستدان شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے درخواست بریت پر سماعت کی، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید اپنے وکلا کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔کیس کی سماعت کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں سینئر سیاستدان شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے خلاف تھانہ کوہسار میں لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میںچند روز پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا تھا کہ ہم ان مقدمات سے تھک گئے ہیں۔ اس سے بہتر تھا کہ ہمیں سزا دی جائے۔ پانامہ کے بعددبئی لیکس آئی جو حکومت کے خلاف ہے۔ اس حکومت کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں اور پلگوں میں کچرا پھنسا ہوا ہے۔ان کاکہناتھا کہ میں نے کہا تھا 30جون سے پہلے پہلے سیاست میں جوڈو کراٹے ہونے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ9مئی کے واقعے پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے۔اس پرجو جو کرنا ہے کرو، ہم 2سال سے تاریخیں بھگت رہے ہیں۔اس ملک میں انصاف دھکے کھارہا ہے۔انصاف کا مذاق اڑ رہا جا رہا ہے۔