صوبائی حکومت ثقافتی و تاریخی اور قدیمی کھیل مخہ( تیر اندازی )کے فروغ اور سرپرستی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے

پیر 20 مئی 2024 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2024ء) صوبائی حکومت ثقافتی و تاریخی اور قدیمی کھیل مخہ( تیر اندازی )کے فروغ اور سرپرستی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ پختونوں اور خاص کر یوسفزئی قبیلے کا یہ روایتی اور مشہور کھیل مخہ زندہ رہ سکے ۔ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی اسمبلی زرشاد خان، ممتاز صحافی مشتاق خان یوسفزئی، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر مردان سید اختر خان،مخہ کے صوبائی صدر امجد حسین یوسفزئی ،ممبر فرمان شاہ اور گوہر استاد نے چپل آبادشموزئی کاٹلنگ میں منعقدہ ممتاز صحافی رحیم اللہ یوسفزئی (مرحوم) صوبائی یوسفزئی ا من مخہ( تیر اندازی) ٹورنامنٹ 2024 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کی صدارت ممتاز صحافی مشتاق خان یوسفزئی نے کی۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں ضلع مردان ،بونیر ،صوابی ،ہری پور ،اور پنجاب کے ضلع اٹک اور راوپنڈی سے کل 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔ ٹونامنٹ کا باقاعدہ افتتاح ایم پی اے زرشاد خان ، ممتاز صحافی مشتاق خان یوسفزئی ، سپورٹس آفیسر سید اختر خان اور صوبائی صدر امجدحسین یوسفزئی نے کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی زرشاد کان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ُپختونوں کے ثقافتی و تاریخی اور قدیمی مشہورکھیل مخہ تیر اندازی کو فروغ دینے کے لئے ہم سب نے مل کر کام کرنا ہوگا ۔

صوبائی حکومت ثقافتی کھیلوں کی ترقی کے لئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت نے مخہ کے صوبائی صدر کی کوششوں اور عوام کے پر زور مطالبے پر شموزئی بدربانڈہ میںصرف مخہ گرائوند کے لئے 4کروڑ روپے کی رقم منظور ی دی تھی ۔ واضح رہے کہ مذکورہ صوبائی ٹورنامنٹ ایس آر ایس پی اور صوبائی محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کے تعاون سے کھیلاجا رہا ہے ۔

بعد ازاں ایم پی اے زرشاد خان نے صوبائی حکومت کی جانب سے ٹورنامنٹ کی آرگنائز نگ کمیٹی کے لئے ایک لاکھ روپے اور ممتاز صحافی مشتاق یوسفزئی نے ایس آر ایس پی کی طرف سے تین لاکھ پچاس ہزار روپے کی رقم کی فراہمی کا اعلان کیا جبکہ ایم پی اے زرشاد خان، مشتاق یوسفزئی، سعید اختراور مخہ صدر امجد یوسفزئی نے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔