پیٹرول،ڈیزل،آٹا،گندم اور بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود عوام کو ریلیف نہ مل سکا،راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ

بدھ 22 مئی 2024 16:42

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزاد جموں وکشمیر راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پیٹرول،ڈیزل،آٹا،گندم اور بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود عوام کو ریلیف نہ مل سکا،آزاد جموں وکشمیر بھر کی ضلعی انتظامیہ اپنے اپنے اضلاع میں اپنا کردار ادا کرے حکومت نے قیمتوں میں کمی کر دی ہے اب ضلعی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ روزمرہ استعمال خوردونوش اشیاء کی قیمتوں میں کمی لائے۔

راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ کے کرائے کم کئے جائیں سبزی فروٹ منڈی میں ریٹ کا تعین کیا جائے اور اس کی کمی کا فائدہ صارفین اور عام آدمی کو پہنچایا جائے جو کہ آزاد جموں وکشمیر بھر کی ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ آٹا،گندم سمیت بیکری کی مصنوعات میں خام مال کی قیمتوں میں کمی کے باوجود تاجروں نے قیمتوں میں کمی نہیں کی بلکہ عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں روزمرہ اشیاء خوردونوش کے ریٹس/قیمتیں مقرر کی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ماہ رمضان کی طرح روزانہ کی بنیادوں پر تمام بازاروں کے سرپرائز وزٹ کرے اور سخت چیکنگ کرے ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو سخت ترین سزا دی جائے۔انھوں نے حکومت آزادکشمیر سے بھرپور مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کرے کہ وہ آزاد جموں وکشمیر بھر میں قائم پیٹرول پمپس کی چیکنگ کرے اکثر پیٹرول پمپس نے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی مقدار کم کر دی ہے ان کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔