جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام فلسطین کے ساتھ یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد

بدھ 22 مئی 2024 18:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کی ہدایات پر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا،جس کا مقصد ملکی سطح پر یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی اداروں میں اس شعور کو بیدار کرنا ہے اور احساس پیدا کرنا کہ ہمارے مسلمان بھائیوں کی تکلیف اور مشکلات کو محسوس کرنا تھا۔

یونیورسٹی کے تمام تر اساتذہ سٹاف اور طلبا نے مل کر ایک ریلی کی شکل میں فلسطین کے ساتھ یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے بروز بدھ 22 مئی 2024 کو ریلی کا انعقاد کیا جس میں تمام طلبا نے شرکت کی۔ طلبا نے فلسطین کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے اور وہ فلسطین کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کا کہنا تھا کہ امن و انصاف اقوام متحدہ کے سسٹینیبل ڈیویلپمنٹ گولز میں شامل ہے اور فلسطینی عوام کو انصاف اور امن دلانا پوری دنیا کی ذمے داری ہے ۔

(جاری ہے)

رجسٹرار جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر اعظم خان نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام امت مسلمہ ایک جسم کی مانند ہیں ان کی تکلیف میں برابر کے شریک ہیں، ہم اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں کہ فلسطین میں ظلم و بربریت کو ختم کیا جائے اور اس سے آزاد کرنے میں تمام مسلم ممالک مل کر یک جہتی کا مظاہرہ کریں۔اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف فیملی میڈیسن کی مدد سے ایک ٹینٹ کے اندر علامتی ہسپتال بنا یا گیا جس کے ذریعے فلسطینیوں پر گزرے ہوئے مشکل حالات کا منظر پیش کیا گیا۔

سیکنڈ ایئر ایم بی بی ایس کی طالبات نے حقائق پر مبنی تین واقعات کو کہانی کی شکل میں پیش کیا۔ میڈیکل طالبہ ہونے کے ناطے شارقہ کنول نے رفاہ اور غزہ کے ہسپتالوں کی مشکلات کا نقشہ کھینچا۔ شفا المحمود نے ایک فلسطینی ماں ریحاب ابودقہ کی کہانی سنائی جو اپنے سات بچوں کے ساتھ ایک قبرستان کے برابر کیمپ میں خیمہ زن ہیں اور گلی کے بھوکے پیاسے کتوں کی کھانے کی تلاش میں عارضی قبروں سے لاشیں نکال کر چبانے کی آوازوں سے اپنے بچوں کو محفوظ رکھنے سے قاصر ہیں ۔

طوبی اشرف نے ایک فلسطینی احمد الغفیری کی کہانی بیان کی جن کے خاندان کے 103 افراد ایک ہی حملے میں شہید ہو گئے بشمول ان کی اہلیہ اور تین نو عمر بیٹیوں کے۔ بالاج حسین، عاشق حسین، مریم اور عریشہ نے انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔،اس موقع پر یونیورسٹی کے مختلف انسٹیٹیوٹ کے سربراہان بشمول انچارج ایآئی پی ایچ پروفیسر آمنہ ریحانہ صدیقی، چئیر پرسن آئی ایم ای پروفیسر سیدہ کوثر، پرنسپل آئی پی ایس پروفیسر ہما علی، انچارج فیملیمیڈیسن ڈاکٹر کرن ذیشان، ڈائریکٹر ایچ آر ڈاکٹر راحت ناز، وائس پرنسپل ایس ایم سی ڈاکٹرفرح جاوید، اور دیگر فیکلٹی اور اساتذہ نے شرکت کی۔احتجاج کا اہتمام رجسٹرار اور کمیونیکیشن افس نے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن سہراب زمان کے تعاون سے کیا۔