جعفرآباد ،خالی نشست پر جمالی پینل سے میر برہان خان جمالی بلا مقابلہ ڈسٹرکٹ چیئرمین منتخب

بدھ 22 مئی 2024 18:21

ڈیرہ اللہ یار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) ضلع کونسل جعفرآباد کی خالی نشست پر جمالی پینل سے میر برہان خان جمالی بلا مقابلہ ڈسٹرکٹ چیئرمین منتخب ہوگئے، نو منتخب چیئرمین میر برہان خان جمالی نے منصب سنبھالنے کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں کہا کہ تمام ممبران کو ساتھ لیکر چلیں گے، ایوان میں کوئی بھی اپوزیشن نہیں، پہلے دو پینل تھے مگر اب ہم سب ایک ہیں، جماعت اسلامی ممبر بھی ہمارے بھائی ہیں انہیں بھی ساتھ لیکر چلیں گے، ضلع کونسل کی سابق چیئرپرسن راحت فائق علی جمالی کی سینیٹر منتخب ہونے کے بعد نشست خالی قرار دے دی گئی تھی، ضلع چیئرمین کی خالی نشست پر ضمنی الیکشن کے لئے ضلع کونسل ہال میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی جانب سے تمام تر انتظامات مکمل کئے گئے، جمالی پینل سے متفقہ طور پر میر برہان خان جمالی نے کاغذات نامزدگی جمع کرئے جبکہ انکے مدمقابل کسی ممبر نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے جسکے بعد ریٹرننگ آفیسر نے برہان خان جمالی کو بلا مقابلہ ضلع چیئرمین قرار دیکر نو ٹیفکیشن جاری کر دیا، نو منتخب ضلع چیئرمین میر برہان خان جمالی کو رکن قومی اسمبلی میر خان محمد جمالی، سابق صوبائی وزراء میر فائق علی جمالی، میر حیدر علی جمالی، میراورنگزیب خان جمالی ، ضلع چیئرمین اوستہ محمد نوابزادہ سالار خان جمالی، میئر میونسپل کارپوریشن اسفندیار خان جمالی، میر تیمور خان جمالی حاجی محمد امین ابڑو سمیت دیگر نے مبارکباد پیش کی اور انہیں انکے منصب پر بٹھایا، اس موقع پر نو منتخب ڈسٹرکٹ چیئرمین میر برہان خان جمالی کا کہنا تھا کہ علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے اور پسماندگی کے خاتمے کے لئے بھرپور کردار ادا کرینگے، جعفرآباد ہمارا آبائی ضلع ہے اسکی تعمیر و ترقی کے لئے سب کو ساتھ لیکر چلیں گے۔