کولمبیا کے صدر نےفلسطین کے شہر رام اللہ میں سفارت خانہ کھولنے کا حکم دے دیا

جمعرات 23 مئی 2024 10:30

بگوٹا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2024ء) جنوبی امریکی ملک کولمبیا کے صدر گستاو پیٹرو نے فلسطین کے شہر رام اللہ میں سفارت خانہ کھولنے کا حکم دے دیا۔ چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے مطابق اس ضمن میں کولمبیا کے وزیر خارجہ لوئس گلبرٹو موریلو نے گزشتہ روز صحافیوں کو بتایا کہ صدر نے حکم دیا ہے کہ ہم رام اللہ میں کولمبیا کا سفارت خانہ کھولیں، رام اللہ میں کولمبیا کی نمائندگی یہ اگلا قدم ہے جو ہم اٹھانے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ جلد ہی مزید ممالک اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی حمایت شروع کر دیں گے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں کولمبیا کے صدر نے پہلے ہی اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا تھا کہا تھا کہ وہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی پر سفارتی تعلقات منقطع کر دیں گے۔اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں کولمبیا کا سفارت خانہ 3 مئی کو بند کر دیا گیا تھا۔