گارمنٹس سٹی کے قیام سے اربوں ڈالر کی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،چوہدری شافع حسین

جمعہ 24 مئی 2024 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2024ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت چوہدری شافع حسین کی صدارت میں گارمنٹس سٹی کے قیام کے حوالے سے سفارشات مرتب کرنے والی کمیٹی کا چوتھا اجلاس منعقد ہوا ۔ محکمہ صنعت وتجارت کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں گارمنٹس سٹی کے قیام کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ گارمنٹس سٹی کے قیام کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے نزدیک 2 ہزار ایکڑ رقبے پر صوبے کی تاریخ کا منفرد گارمنٹس سٹی بنے گا۔ گارمنٹس سٹی کے لئے جگہ کا انتخاب اور دیگر معاملات آئندہ دو سے تین روز میں طے کر لیے جائیں گے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ گارمنٹس سٹی میں اربوں ڈالر کی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

(جاری ہے)

اس سٹی کے قیام سے برآمدات بڑھیں گی اور روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ معاشی لحاظ سے اہمیت کے حامل اس منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ گارمنٹس سٹی میں 100 کے قریب گارمنٹس انڈسٹریز لگیں گی۔انڈسٹری کو بجلی کی فراہمی کے لئے سولر انرجی پلانٹ بھی لگے گا۔ چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن، ڈی جی انڈسٹریز آصف علی فرخ اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اپٹما کے کامران ارشد کی قیادت میں وفد نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں گارمنٹ سٹی کے قیام کے حوالے سے اپٹما کی تجاویز کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔