یوم تکبیر ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے پاکستانی قوم کےاتحاد کی یاد دلاتا ہے، ن لیگی رہنما

منگل 28 مئی 2024 19:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2024ء) سٹی نائب صدر مسلم لیگ (ن)ملتان ملک طیب آرائیں کی رہائشگاہ پریوم تکبیر کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔منگل کو یہاں یوم تکبیر کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) ملتان کے زیر اہتما م منعقدہ تقریب میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 150 سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈر حاجی جاوید اختر انصاری بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے ۔

تقریب میں مسلم لیگ ملتان کے ڈویژنل و ضلعی عہدیداران ، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ا س موقع پرحاجی جاوید اختر انصاری اور ملک طیب آرائیں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم تکبیر ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے پاکستانی قوم کے اتحاد کی یاد دلاتا ہے،28 مئی 1998ءکو قائد مسلم لیگ( ن) میاں محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے وطن عزیز کی سرحدوں کو محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کیا اوربھارت کے عزائم خاک میں ملا دیئے،اللہ پاک کا شکر ہے کہ آج ہم آزاد فضاوں میں سانسیں لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم سرحدوں پر ملک کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو ناقابل تسخیر بنائیں گے اور ملک کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے۔پروفیسر عنایت علی قریشی،رانا اسلم ساغر،عمر کمبوہ،ملک سجاد اور زاہد مسعود قریشی نے کہا کہ پاک فوج ہماری سرحدوں کی امین ہے، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے،28 مئی ایک تاریخ ساز دن ہے ، یومِ تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کیلئے ایک جھنڈے،سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے،یوم تکبیر بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ ایسے اندرونی دشمنوں جو ملک میں انتشار کی سیاست سے اس ملک کو خطرے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں ان کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔

اس موقع پر پاکستان سمیت عالم اسلام کی سلامتی کےلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی اور یوم تکبیر کیک بھی کاٹا گیا۔