جہلم میں ٹریفک کے معمولات کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک پولیس تو اپنا کام کر رہی ہے لیکن چنگ چی رکشہ جات کو اڈوں میں پابند کرنا بہت ضروری ہے

Tariq Majeed Khokhar طارق مجید کھوکھر جمعرات 30 مئی 2024 16:35

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مئی2024ء) جہلم میں ٹریفک کے معمولات کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک پولیس تو اپنا کام کر رہی ہے لیکن چنگ چی رکشہ جات کو جن کی تعداد تقریباً 1500 ہے کو اڈوں میں پابند کرنا بہت ضروری ہے۔ جس سے شہر میں ہونے والے حادثات اور بےہنگم ٹریفکے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ چنگ چی رکشہ جات کو اڈے دینے کے بعد نا صرف تمام مصروف بازاروں کی سڑکیں جن میں ریلوے روڈ، سول لائنز، راجہ بازار، نیا بازار، تحصیل روڈ، مین بازار، رام دین بازار، ٹرنک بازار، کناری بازار، چوک اہلحدیث، ٹویہ محلہ بازار چنگ چی رکشہ نہ ہونے کے ساتھ ساتھ تجاوزات کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ نا صرف یہ بازار کشادہ ہوں گے بلکہ تاجروں کا کاروبار بھی بڑھے گا۔

جہلم کے معززین شہر اور تاجر تنظیموں نے تجویز دی ہے کہ ریلوے روڈ سے ملحقہ ریلوے کالونی میں بہت زیادہ جگہ خالی پڑی ہے جس کے حصول کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے سے یہ جگہ منظور کروا کر چنگ چی رکشہ جات کے لیے ایک مستقل اڈا قائم کروا دیں۔

(جاری ہے)

جس سے نا صرف سڑکوں پر ٹریفک بھی درست ہو جائے گی بلکہ تمام سڑکیں ٹریفک کے لیے کشادہ ہوں گی۔

اسی طرح سول لائنز، ریلوے روڈ کی سڑک کے دونوں اطراف میں موٹر سائیکل اور کاروں کی پارکنگ کے لیے پیلی لائن لگا کر جگہ کا تعین کیا جائے تا کہ بہتر پارکنگ کا انتظام ہو سکے۔ ایک عام سروے کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول نمبر 1 جو کہ سول لائنز کی مصروف روڈ پر واقع ہے جبکہ سول لائنز کی مصروف سڑک پرہی اس کا مین گیٹ کھلتا ہے۔ جو کہ رش کی وجہ طالبات کے آنے جانے کے لیے مشکالات پیدا کرتا ہے۔

کیونکہ ایک طرف ٹریفک کا رش دوسری طرف طالبات کے آنے جانے کا رش کی وجہ سے ٹریفک جام ہو جاتی ہے جس کے لیے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول نمبر 1 کا پچھلا گیٹ جو کہ میدان پاکستان کی طرف کھلتا ہے کو کھول کر سول لائنز والا گیٹ بند کر کے طالبات کے لیے پچھلے گیٹ سے آنے جانے کا انتظام کیا جائے تا کہ نا صرف طالبات کو ریلیف ملے بلکہ ٹریفک کو بھی جام ہونے کی بجائے چلتی رہے۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کو تمام معاملات دیکھ کر محکم تعلیم سے باہمی مشاورت کے بعد اس پر عمل کروانا ہو گا۔