رائے ونڈ سنوکر کلب،ویڈیو گیمز کی آڑ میں نوجوان نسل جوئے کی لت میں مبتلا ہونے لگی

سنوکر کلب اور ویڈیو گیمز کے اڈے منشیات فروشوں کے محفوظ ترین ٹھکانے بن چکے ہیں‘والدین کاموقف

جمعہ 7 جون 2024 13:18

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2024ء) رائے ونڈ شہر کے پوش علاقوں میں قائم ویڈیو گیمز اور سنوکر کلبوں نے کئی پڑھے لکھے اور مہذب گھرانوں کے بچوں کوجوئے اور نشے کی لت میں مبتلا کردیا ہے گھروں سے یہ نوجوان سکول،کالج اور یونیورسٹی سمیت کاروبار کے لیے نکلتے ہیں اور والدین کو دھوکہ دے کر اپناسارا دن ان ویڈیو گیمز اور سنوکر کلبوں پر گزار دیتے ہیںنوجوان نسل بہت تیزی سے وقت ضائع کرنے کے ساتھ ساتھ نشے اور جوئے کی لت کا شکار ہوہی ہے ۔

والدین کے مطابق ان سنوکر کلبوں اور ویڈیو گیمز کے اڈوں پر منشیات فروشی بھی ہوتی ہے نوجوان نسل کھیل میں جوا ء بھی کھیلتی ہے اور پھر عیاش لڑکوں کے ساتھ مل کر منشیات کا استعمال بھی کرتی ہے ،ان اڈوں سے نوجوان نسل میں بڑھتے ہوئے ٹک ٹاک کے جنون کو پورا کرنے کے لیے ناجائز اسلحہ کی طرف بھی رجحان بڑھ رہا ہے ،مذکورہ اڈوں پر آنے والے جرائم پیشہ افراد نوجوانوں کو باآسانی اپنا شکار کرلیتے ہیں، غیر قانونی سرگرمیوں کی ابتدائی نرسری مذکورہ وڈیو اور سنوکر کلب ہی بتائے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

والدین کے مطابق گھر سے ملنے والا جیب خرچ نوجوان یہاںخرچ کردیتے ہیں جب مطلوبہ رقم نہیں ملتی ہے تو پھر وہ چھوٹی موٹی چوریاں کرتے ہیں اس کے علاوہ نوجوان نسل بہت تیزی سے غلط عادات کاشکار ہورہی ہے۔والدین نے اعلی افسران سے فوری طور پر نوجوان نسل کو تباہی سے بچانے کے لیے سخت تر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔