سندھ ہائی کورٹ ، پی ایچ ڈی طالب علم کی گمشدگی کے خلاف درخواست پر صوبائی اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری

منگل 11 جون 2024 13:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے پی ایچ ڈی طالب علم کی گمشدگی کے خلاف درخواست پر صوبائی اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کردیئے۔منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں پی ایچ ڈی طالب علم کی گمشدگی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ۔درخواست گزار وکیل جبران ناصر نے بتایا کہ سید ممتاز شاہ آئی ٹی فیلڈ سے تعلق رکھتے ہیں اور کراچی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پہلے بھی 2006 اور 2018 میں انہیں اٹھایا گیا تھا لیکن شواہد نہ ہونے کے باعث عدالتوں کے احکامات پر رہا کیا گیا۔درخواست گزار نے بتایا کہ ممتاز شاہ کو ایک بار پھر 26 اپریل سے اغوا کر لیا گیا ۔سچل تھانے میں ایف آئی آر درج کرانے کے لئے رجوع کیا لیکن مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ایس ایچ او سچل کو متعلقہ ریکارڈ کے ہمراہ طلب کرلیا۔عدالت نے صوبائی اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔