بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں سائنس، ٹیکنالوجی و بزنس پارک کا افتتاح

منگل 11 جون 2024 16:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2024ء) ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے منگل کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں سائنس، ٹیکنالوجی و بزنس سپیس(ایس ٹی بی ایس) کا افتتاح کیا۔اس تقریب میں یونیورسٹی کے اہم عہدیداروں نے شرکت کی جن میں نائب صدر ایڈمنسٹریشن اینڈ فنانس/اکیڈمکس ڈاکٹر عبدالرحمٰن، نائب صدر ریسرچ اینڈ انٹرپرائز ڈاکٹر احمد شجاع سید، ڈائریکٹر بزنس انکیوبیشن سینٹر انجینئر احسن مرزا، انچارج فیمیل کیمپس ڈاکٹر سمیہ چغتائی اور ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر شامل تھے۔

افتتاح کے موقع پر یونیورسٹی کے صدر نے تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان ایک پل کے طور پر ایس ٹی بی ایس کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مختلف تکنیکی اور غیر تکنیکی منصوبوں پر فیکلٹی، محققین اور طلباء کے درمیان بات چیت کی سہولت فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یونیورسٹیوں کے ملکی ترقی میں کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جدید رجحانات سے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت ہے۔

یونیورسٹی کے صدر نے کہا کہ یونیورسٹی ڈیجیٹلائزیشن اور کمرشلائزیشن کے فروغ کے ذریعے صنعت اور تعلیمی اداروں میں روابط کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ٹی بی ایس کا افتتاح یونیورسٹی کی جانب سے انڈسٹری اور اکیڈمیا کے تعاون کو بڑھانے کی کوششوں میں ایک اہم قدم ہے جو جدید تعلیمی رجحانات اور معاشی ترقی میں سب سے آگے رہنے کے لیے یونیورسٹی کے مشن کو تقویت دے گا۔

وائس پریذیڈنٹ ریسرچ اینڈ انٹرپرائز پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید نے اس موقع پر وضاحت کی کہ ایس ٹی بی ایس کا مقصد تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان تعاون پر مبنی منصوبوں کے ذریعے ملازمت اور انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنا اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام یونیورسٹی کے مستقبل کے اہداف اور پیشرفت کو آگے بڑھانے کے لیے جامعہ کے صدر کی جانب سے متعارف کرائے گئے سٹریٹجک پلان کا حصہ ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر بزنس انکیوبیشن سینٹر انجینئراحسن مرزا جو کہ ایس ٹی بی ایس کے پہلے ڈائریکٹر کے طور پر بھی تعینات ہیں، نے یونیورسٹی کے صدر کو اس پراجیکٹ کے اندر انڈسٹریل فرنٹ آفسز، بزنس انکیوبیشن انٹرپرائزز اور سٹارٹ اپس کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح ایس ٹی بی ایس یونیورسٹی میں علم پر مبنی سرگرمیوں میں اضافہ کرے گا۔ انجینئر احسن مرزا نے یہ بھی بتایا کہ ایس ٹی بی ایس اسلام آباد کی یونیورسٹیوں میں قائم تین ٹیکنالوجی پارکوں میں سے ایک ہے۔