راولپنڈی میں پراپرٹی پراجیکٹ کی تشہیری مہم کے ذریعے شہری کو پچاس لاکھ روپے سے محروم کرنے کے الزام میں فلم سٹار جاوید شیخ سمیت دیگر پر مقدمہ خارج

Ameer Hamza امیر حمزہ منگل 11 جون 2024 17:43

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون 2024ء ) راولپنڈی میں پراپرٹی پراجیکٹ کی تشہیری مہم کے ذریعے شہری کو پچاس لاکھ روپے سے محروم کرنے کے الزام میں فلم سٹار جاوید شیخ الحیات گروپ کے مالک جہانزیب عالم و دیگر کے خلاف درج مقدمہ خارج کر دیا گیا ایس ایچ او روات چوہدری ذوالفقار نے اردو پوائنٹ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 420 کا مقدمہ عدالتی حکم پر درج کیا گیا تھا اور عدالت نے فوری مقدمہ درج کر کے تفتیش کا حکم دیا تھا تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ لین دین کا معاملہ کراچی میں ہوا ہے اور یہ ہمارے حدود بھی نہیں بنتی اس لیے فوری مقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم اب اس مقدمہ کی اخراج رپورٹ بنا دی ہے ایس ایچ او روات کا مزید کہنا تھا کہ فلم سٹار جاوید شیخ سیلیبرٹی ہے اب اگر کوئی کمپنی انکی تشہیر کر کے فراڈ کرتا ہے تو اسکا یہ مطلب نہیں جاوید شیخ نے بھی فراڈ کیا ہے تھانہ روات پولیس نے چھ جون کو راولپنڈی کے رہائشی امجد محمود کی مدعیت میں عدالتی حکم پر مقدمہ نمبر 625 زیر دفعہ 420 ت پ کے تحت فلم سٹار جاوید شیخ،الحیات گروپ آف کمپنیز کے مالک جہانزیب عالم،ڈائریکٹر زاہد رانا،اظہر حسین،زبیر،جمال خان و دیگر کے خلاف درج کیا تھا مدعی مقدمہ کے مطابق وہ پوشش کا کام کرتا ہے اور اشتہار دیکھ کر اس نے الحیات گروپ آف کمپنیز میں پچاس لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی جس کے بعد کمپنی کا مالک جہانزیب عالم اور جمال خان اسے اپنے پراجیکٹ دکھانے لے گئے بعدازاں دفتر واپس آکر اسے ایگریمنٹ و چیک دیا مدعی مقدمہ کے مطابق ایگریمنٹ کراچی کے اشٹام وینڈر کا ہے مدعی نے پولیس کو رپورٹ میں کہا کہ جہانزیب عالم اور جمال خان اسے مسلسل دھمکیاں دے رہے تھے پولیس نے عدالتی حکم پر مقدمہ درج کیا ایس ایچ او تھانہ روات کا کہنا ہے جب تفتیش کی گئی تو معلوم ہوا تمام لین دین کراچی میں ہوا اور اسی وجہ سے مقدمہ کی اخراج رپورٹ بنا دی گئی ہے