بھارت کے ہاتھوں امریکا کی شکست کے بعد پاکستان کو بڑی خوشخبری مل گئی

بھارت کی جانب سے آسان ہدف کو حاصل کرنے کیلئے سست رفتار سے بیٹنگ کیے جانے کے بعد امریکا کا نیٹ رن ریٹ گر گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 12 جون 2024 23:20

بھارت کے ہاتھوں امریکا کی شکست کے بعد پاکستان کو بڑی خوشخبری مل گئی
نیویارک ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جون 2024ء) بھارت کے ہاتھوں امریکا کی شکست کے بعد پاکستان کو بڑی خوشخبری مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیویارک میں امریکا کی ٹورنامنٹ میں اب تک کی پہلی شکست کے بعد پاکستان کو بڑا فائدہ حاصل ہو گیا۔ بھارت کی جانب سے آسان ہدف کو حاصل کرنے کیلئے سست رفتار سے بیٹنگ کیے جانے کے بعد امریکا کا نیٹ رن ریٹ گر گیا۔

پوائنٹ ٹیبل پر گروپ اے میں بھارت کا پہلا نمبر جبکہ 4 پوائنٹس کے ساتھ امریکا کا دوسرا نمبر ہے، پاکستان 2 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ تاہم پاکستان کا نیٹ رن ریٹ امریکا سے بہتر ہو گیا ہے۔ اس وقت امریکا کا نیٹ رن ریٹ صفر عشاریہ 13 جبکہ پاکستان کا نیٹ رن ریٹ صفر عشاریہ 19 ہے۔ یوں اب اگر امریکا آئرلینڈ سے کسی بھی مارجن سے شکست کھا جائے، تو اس صورت میں پاکستان کو اگلے مرحلے تک رسائی کیلئے آئرلینڈ کیخلاف صرف فتح درکار ہو گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے سلسلے میں 25 ویں میچ نیویارک میں امریکا اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا۔ میچ کا ٹاس بھارت کے کپتان روہت شرما نے جیتا اور پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ نیویارک میں بھارتی کپتان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرنے والی امریکی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا سکی۔ جواب میں بھارت نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔

بھارت کی جانب سے سوریا کمار یادیو نصف سینچری بنا کر سب سے نمایاں رہے۔ واضح رہے کہ یہ میچ ناصرف میزبان امریکا، بلکہ پاکستان کیلئے بھی اہم تھا۔ پاکستان اور اگلے مرحلے تک اپنے رسائی کے امکانات کو روشن رکھنے کیلئے امریکا کی شکست درکار تھی۔ امریکا کی فتح کی صورت میں پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں سفر تمام ہو جاتا۔ تاہم بھارت کی فتح سے رویت شرما الیون ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچ گئی ہے۔ جبکہ امریکا کو اگلے مرحلے تک رسائی کیلئے آئرلینڈ کیخلاف فتح درکار ہے۔ جبکہ پاکستان کو اگلے مرحلے تک رسائی کیلئے آئرلینڈ کیخلاف امریکا کی شکست اور پھر آئرلینڈ کیخلاف اپنی فتح درکار ہو گی۔