شیخوپورہ میں محکمہ ایکسائز کی بڑی کارروائی

آئل ٹینکر سے غیر قانونی طور پر 30ہزار لیٹر الکوحل برآمد کر لی

Akhtar Rasool Janjua اختر رسول جنجوعہ ہفتہ 22 جون 2024 17:41

شیخوپورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جون 2024ء ) ڈائریکٹر ایکسائز جام سراج کے احکامات کی روشنی میں ای ٹی او شیخوپورہ سید محمد معین  کی سربراہی میں انسپکٹر سید نعیم حسین شاہ  محمد اعجاز شمس الزمان بھٹی، ساجد علی عرفان سعدی اور بلال اصغر پر مشتمل ایکسائز ٹیم نے گزشتہ دنوں تھانہ بھکھی پولیس کے ملازمین کی مدد سے کاروائی کرکے  30ہزار لیٹر شراب برآمد کرلی۔

بتایا گیا ہے کہ ایک آئل ٹینکر غازی مینارہ کی طرف سے فیصل آباد روڈ بائی پاس کی طرف آرہا تھا کہ مذکورہ ایکسائز ٹیم نے اسے ڈیرہ بھٹیاں کے قریب روک کر چیک کیا تو آئل ٹینکر کے تینوں خانوں میں دس دس ہزار لیٹر الکوحل موجود تھی جسے فوری قبضہ میں لیکر آئل ٹینکر کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ الکوحل کے سیمپلز کو سربمہر کرکے لیبارٹری بھجوادیا گیا ہے، گرفتار ملزم کی شناخت محمد زبیر کے نام سے ہوئی ہے جو ضلع بھکر کا رہائشی ہے جس نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ یہ 30ہزار لیٹر شراب یوسف اور اصغر نامی افراد نے لوڈ کروائی ہے ۔

(جاری ہے)

ایکسائز انسپکٹر سید نعیم حسین شاہ کی رپورٹ پر تھانہ بھکھی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کیلئے تھانہ کی حوالات میں بند کردیا گیا ہے ۔ایکسائز آفیسر شیخوپورہ سید محمد معین نے اردو پوائنٹ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کاروائی محکمہ ایکسائز پنجاب کی بڑی کاروائی ہے۔سیکٹری پنجاب، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پنجاب اور ڈائریکٹر ایکسائز نے ان کی کارکردگی کو سراہا ہے اور تمام کاروائی کو اعلیٰ حکام نے براہ راست مانیٹر کیا ہے۔