مون سون میں 30 فیصد زیادہ بارشوں کی پیشنگوئی کے باعث ہمیں تیاری بھی اسی حساب سے کرنی ہے، کمشنر راولپنڈی

اتوار 23 جون 2024 18:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2024ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامرخٹک نے کہا ہےکہ اس بار مون سون میں 30 فیصد زیادہ بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے جس کے لیے ہمیں تیاری بھی اسی حساب سے کرنی ہے۔ اس سلسلے میں برساتی نالوں اور نالہ لئی کی صفائی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور نالہ لئی میں کچرہ پھینکنے سے روکنے کے لئے نافذ کی گئی دفعہ 144 پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے۔

ان خیالات کا انہوں نے کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن سید نذارت علی، اسسٹنٹ کمشنر (جنرل) عائشہ شفقت، مینیجنگ ڈائریکٹر واسا، سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سبطین کاظمی ودیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ اگرچہ قدرتی آفات پر کسی کا اختیار نہیں تاہم قبل از وقت اقدامات کے تحت ان کی تباہ کار یوں میں کسی حدتک کمی لائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پری مون سون بارشوں کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات اور ممکنہ سیلاب کی روک تھام کے لئے کی جانے والی تمام سرگرمیاں محض خانہ پری نہ ہوں بلکہ وہاں کی جائیں جہاں ان کا کرنا نا گزیر ہو۔کمشنر راولپنڈی نے مزید ہدایت کی کہ واسا بروقت انتظامات کو یقینی بناتے ہوئے راولپنڈی کے 11 نالے جو نالہ لئی میں گرتے ہیں جس کے باعث وہاں سیلاب کا زیادہ خطرہ رہتا ہے، ان نالوں کی صفائی کا عمل جلد مکمل کیا جائے تا کہ پانی کے بہاؤ میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

اسکے علاوہ شہر بھر میں سیوریج سسٹم کو بہتر کرنے کے لئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نالیوں کی صفائی کرے تا کہ بارش زیادہ ہونے کی صورت میں سیوریج سسٹم فعال ہو اور پانی کی مناسب نکاسی کا نظام چلتا رہے۔ شہر بھر میں خصوصی طور پر نالوں میں کہیں گندگی کی شکایت نہ ہو نیز میونسپل کار پوریشن نالوں کے کناروں کو تجاوزات سے پاک رکھے۔ کمشنر راولپنڈی نے پی ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ اپنا  الرٹ سسٹم اپ ڈیٹ رکھیں اور لوگوں کو موسمی صورتحال سے بروقت آگاہ رکھا جائے۔

واسا کی مشینری بھی سڑکوں اور گلیوں کو بارش کے دوران کلئیر رکھے تا کہ کہیں بھی پانی جمع ہو کر معمولات زندگی کو متاثر نہ کرنے پائے۔ اسکے علاوہ د یگر علاقے جہاں مون سون کے دوران سیلابی پانی سے متاثر ہونے کے خطرات زیادہ ہیں جیسا کہ رتہ امرال، کٹاریاں،ٹیپو روڈ،ڈ ھوک نجو،گوالمنڈی اورضیاء الحق کالونی کے ایریاز میں خصوصی توجہ دی جائے۔اس مو قع پر ایم ڈی واسا نے نالوں کی صفائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔