حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے لیے ورلڈ بنک سے معاونت مانگ لی

ورلڈ بنک پاور ڈویژن کی درخواست پر غور کرے اور این ایل ٹی اے کے تحت اس تجویز کی حمایت کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کرے.اقتصادی امور ڈویژن کا عالمی بنک کو خط

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 1 جولائی 2024 15:12

حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے لیے ورلڈ بنک ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ یکم جولائی ۔2024 ) حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری میں نجی شعبے کی شرکت کو آسان بنانے کے لئے نان لینڈنگ ٹیکنیکل اسسٹنس (این ایل ٹی اے) کے لئے عالمی بینک سے رابطہ کرلیا ہے. اقتصادی امور ڈویژن (ای اے ڈی) نے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) ڈی آئی ایس سی اوز میں نجی شعبے کی شرکت کو آسان بنانے کے لئے مندرجہ ذیل وسیع سرگرمیوں کو انجام دینے کے لئے نان لینڈنگ ٹیکنیکل اسسٹنس کے تحت عالمی بینک کی مدد حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے.

خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت ورلڈ بینک کی مدد سے ڈی آئی ایس سی اوز میں نجی شعبے کی شرکت کے لئے رہنما خطوط کا مسودہ اور نجی سرمایہ کاروں‘ آپریٹرز کو مدعو کرنے کے لئے مسابقتی عمل‘شعبے کی مالی پائیداری اور حساسیت کا تجزیہ بشمول سیکٹر فنانشل ماڈل کی ترقی، ڈی آئی ایس سی اوز کے لئے یکساں ٹیرف پر فریم ورک، ڈی آئی ایس سی اوز کی ذمہ داریوں کا انتظام اور سبسڈی مینجمنٹ کا طریقہ کار‘ لائسنسنگ کی اہلیت کے معیار اور تقسیم کے لئے قواعد کو اپ ڈیٹ کرنا اور آخری حل کے سپلائر کے لئے مواصلاتی حکمت عملی تیار کرنا اور عمل درآمد کا ایکشن پلان تیار کرنا‘عمل درآمد کے لئے ایچ آر حکمت عملی اور ایکشن پلان تیار کرنا/ تجویز کرنا اور ڈی آئی ایس سی اوز میں نجی شعبے کی شرکت پر مارکیٹ کے ارتقاءکے اثرات کے جائزئے کے لیے مددکی طلب گار ہے.

اقتصادی امور ڈویژن نے عالمی بینک سے کہا ہے کہ وہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی درخواست پر غور کرے اور این ایل ٹی اے کے تحت اس تجویز کی حمایت کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کرے بزنس ریکارڈرکے مطابق حال ہی میں وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت پہلے مرحلے میں آئیسکو، گیپکو اور فیسکو کی مکمل نجکاری کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں لیسکو، میپکو اور ہیزکو کی مکمل نجکاری کی جائے گی سیپکو، حیسکو اور پیسکو کو نجی شعبے کو طویل مدتی رعایتی معاہدوں کی پیشکش کی جائے گی جبکہ ٹیسکو اور کیسکو اپنی منفرد شرائط کی وجہ سے حکومتی کنٹرول میں رہیں گے.

نجکاری کمیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹرانزیکشن ایڈوائزر کی خدمات حاصل کرے اور جنوری 2026 تک پہلے مرحلے کے لین دین کو حتمی شکل دینے کے لئے ضروری رسمی کارروائیاں مکمل کرے پاور ڈویژن ڈسکوز کی نجکاری اور آﺅٹ سورسنگ کے لئے ریگولیٹری اور پالیسی فریم ورک کا جائزہ لینے کے لئے ایک تکنیکی مشیر کی خدمات حاصل کرے گا. حکومت نے حال ہی میں موجودہ بورڈز کو ہٹانے کے لئے آرڈیننس کے اجراءکے بعد کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیت انٹرپرائزز (سی سی او ایس او ایز) سے ڈسکوز کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری حاصل کی تھی کیونکہ پاور ڈویژن کی جانب سے ڈسکوز کے بورڈز کو برطرف کرنے کی تجویز ایس او ای کے قانون کے مطابق نہیں تھی شبہات ہیں کہ بورڈ کے کچھ نئے ممبران کے کچھ ممکنہ سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط ہیں جو ڈسکوز میں حصص خریدنے کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم سرکاری حلقے اس طرح کی قیاس آرائیوں کی تردید کر رہے ہیںرپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نئے بورڈز حکومت کے منظور شدہ منصوبے کے مطابق ڈسکوز کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے میں حکومت کی مدد کریں گے.