راولپنڈی میں متوقع بارشوں کے پیش نظر نالہ لئی سمیت تمام برساتی نالوں کی صفائی فوری مکمل کیا جائے،کمشنر عامرخٹک

بدھ 3 جولائی 2024 21:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2024ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامرخٹک نے کہا ہے کہ موجودہ مون سون سیزن کے دوران 30 فیصد زیادہ بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے، نالہ لئی کی ڈیسلٹنگ کا کام 10 جولائی تک ہر صورت مکمل کیا جائے،نالہ لئی سمیت دیگر برساتی نالوں کی صفائی یقینی بنائی جائے،نالوں کی صفائی کے سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، نالہ لئی میں کچرا پھینکنے کی روک تھام کے لیے دفعہ 144 نافذالعمل ہے اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سید سبطین کاظمی، ایم ڈی واسا سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کی شرکت۔

(جاری ہے)

کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامرخٹک نے کہاکہ قدرتی آفات کو تو روکا نہیں جاسکتا تاہم بروقت اقدامات سے کسی بھی بڑے نقصان سے بچا جاسکتا ہے، بارشیں ہونے کی صورت میں آر ایم سی اور واسا سمیت دیگر متعلقہ کے تمام محکموں کے افسران اور اہلکار کی چھٹیاں منسوخ ہونگی،بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے بروقت اقدامات کئے،شہر بھر میں سیوریج سسٹم کو بہتر کرنے کے لئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نالیوں کی صفائی کرے تاکہ بارش زیادہ ہونے کی صورت میں سیوریج سسٹم فعال ہو۔

انہوں نے کہاکہ شہر بھر میں خصوصی طور پر نالوں میں کہیں گندگی کی شکایت نہ ہو۔میونسپل کار پوریشن نالوں کے کناروں سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں۔واسا کی مشینری بھی سڑکوں اور گلیوں کو بارش کے دوران کلیئر رکھے۔ انہوں نے کہاکہ رتہ امرال، کٹاریاں،ٹیپو روڈ،ڈ ھوک نجو،گوالمنڈی اورضیاء الحق کالونی کے ایریاز میں خصوصی توجہ دی جائے،نالہ لئی میں سب سے زیادہ خطرناک گوالمنڈی کا علاقہ ہے اس ایریا میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت کی جانب سے کسی نا گہا نی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مناسب طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا نے بریفنگ کے دروان بتایا کہ لیاقت باغ، مری روڈ، نالہ لئی گوالمنڈی پل، کمرشل مارکیٹ، خیابان سرسید اور صادق آباد میں مون سون ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں۔11 بڑے برساتی نالوں کی صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے،سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام اداروں کے اہلکار کی ڈیوٹی روسٹر تیار کر لیا گیا ہے ہر ایک اہلکار کی ڈیوٹی تفویض کر دی گئی ہے۔