وزیر خوراک بلال یاسین چھٹی کے روز عام مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں کا جائزہ لینے پہنچ گئے

لاہور کے گنجان آباد اور پوش علاقوں کے مسلسل 3 گھنٹے دورے ،2 معروف سپر سٹورز کو جرمانے عائد، متعلقہ فوڈ کنٹرولر کو وارننگ محکمہ خوراک کے تمام اضلاع میں افسران کی چھٹیاں منسوخ ،آٹے کی قیمت میں مصنوعی اضافہ کرنیوالوں کو جرمانے کیے جارہے ہیں‘ بلال یاسین

اتوار 7 جولائی 2024 19:00

وزیر خوراک بلال یاسین چھٹی کے روز عام مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں کا جائزہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2024ء) وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین چھٹی کے روز آٹے کی قیمتوں کا جائزہ لینے فیلڈ میں نکل گئے۔ لاہور کے گنجان آباد اور پوش علاقوں کے مسلسل 3 گھنٹے دورے کیے۔ مزنگ روڈ، شادمان مارکیٹ، وحدت روڈ، علامہ اقبال ٹاون، یتیم خانہ ملتان روڈ،ٹھوکر نیاز بیگ، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن، مکہ کالونی، والٹن روڈ، آر اے بازار اور ملحقہ علاقوں کی مارکیٹس میں آٹا قیمتوں کو چیک کیا۔

(جاری ہے)

آٹا نرخوں کو آویزاں نہ کرنے پر 2 معروف سپر سٹورز کو جرمانے عائد جبکہ متعلقہ فوڈ کنٹرولر کو وارننگ جاری کی۔صوبائی وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ تمام سٹورز اور آٹا ڈیلرز قیمتوں کو واضح آویزاں کریں گے۔محکمہ خوراک کے تمام اضلاع میں افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ آٹے کی قیمت میں مصنوعی اضافہ کرنیوالے سٹورز اور ڈیلرز کو جرمانے کیے جارہے ہیں۔ کسی بھی علاقے میں مہنگا آٹا ملنے کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر غریب کا نوالہ ہر صورت سستا کیا جائے گا۔ جو افسر یا عملہ کام نہیں کرے گا اس کی محکمے میں کوئی جگہ نہیں۔