فتنہ قادیانیت کے نام پرمذموم پروپیگنڈا کے پیچھے یورپی استعمار، امریکہ ہے، ڈاکٹر عبدالغفور راشد

& جج اورصحافیوں کی طرف سے قادیانیوں کے حمایت کے پیچھے برطانوی ، شیطانی اور سامراجی قوتیں ہیں 22 جھوٹے نبی منظر عام پر آچکے ،صرف مرزا غلام احمد قادیانی کی منصوبہ بندی برطانیہ میں کی گئی ٓ فتنہ قادیانیت کے خاتمے کے لیے اتحاد امت اور بیداری کی ضرورت ہے، ختم نبوت کانفرنس سے خطاب

اتوار 7 جولائی 2024 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2024ء) نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث اور ممبراسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ فتنہ قادیانیت کے نام پر اسلام اور پاکستان کے خلاف مذموم پروپیگنڈا کے پیچھے یورپی استعمار اور امریکہ ہے چونکہ مرتد مرزا غلام احمد قادیانی کو لانچ کرنے والا برطانیہ ہی تھا۔ فتنہ قادیانیت کی منصوبہ بندی تو انگلینڈ میں ہوئی مگر اسے لانچ برصغیر میں کیا گیا ۔

اس وقت کی برطانوی سروے ٹیم نے منصوبہ بندی کر کے اس بات کی رپورٹ دی کہ ہندوستان کا سرمایہ کار، صنعت کاراور سیاست دان طبقہ تاج برطانیہ کی پیروی کر رہاہے ،لیکن مذہبی طبقہ حکومت کے ساتھ نہیں ۔اس لئے اب تک برطانیہ اس فتنے کی سرپرستی کرکے اسلام کی پیٹھ میں خنجر گھونپ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالغفورراشد نے کہا عدلیہ کے اعلیٰ جج اورمیڈیا میں سینئر صحافی قادیانیوں کے حمایتی اس لیے بن رہے ہیں کہ برطانوی ، شیطانی اور سامراجی قوتیں فتنہ قادیانیت کی پشتی بانی کر رہی ہیں، جو کہ عالم اسلام کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا اب تک 22 جھوٹے نبی منظر عام پر آچکے ہیں ،صرف مرزا غلام احمد قادیانی کی منصوبہ بندی برطانیہ میں کی گئی ، جس نے پہلے مجدد اورمحدث ہونے کا دعوی کیا پھر مثل مسیح، مسیح، ضلی نبی پھر نبی اور نعوذ باللہ نبی سے بھی افضل ہونے کا دعویٰ کیا ۔برطانیہ قادیانیوں کی پشتی بانی کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ فتنہ قادیانیت کے خاتمے کے لیے اتحاد امت اور بیداری کی ضرورت ہے۔