آزاد کشمیر کے موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر ) وقار نور کا ڈی جی اینٹی کرپشن کے دفتر کا دورہ کا دورہ

بدھ 10 جولائی 2024 16:25

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2024ء) آزاد کشمیر کے موسٹ سینئر وزیر وزیر انتظامیہ و وزیر داخلہ کرنل (ریٹائرڈ) وقار نور نے دفتر ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن کا دورہ کیا اور محکمہ اینٹی کرپشن کی کار کردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس دوران محکمہ اینٹی کرپشن کو مضبوط کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے کہا کہ جب تک بدعنوانی، رشوت ستانی، اقرباپروری اور بد دیانتی کا مکمل خاتمہ نہ ہو اس وقت سرکاری نظام میں بہتری ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدعنوانی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے حکومت سرکاری نظم و ضبط یا م و ضبط میں بہتری لانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ہدایات دیں کہ اینٹی کرپشن میں فائلنگ سسٹم الیکٹرانک بنایا جائے اور شکایات پیش کرنے کیلئے پورٹل قائم کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس مقصد کیلئے انفارمیشن ٹیکنا لوجی سے در کارساز و سامان فوری طور پر محکمہ اینٹی کرپشن کو فراہم کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ بعد میں انہوں نے دفتر میں نصب آلات کا معائنہ کیا اور انہیں استعمال کے لیے فعال کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن چوہدری مختار حسین نے سنئیرموسٹ وزیر کو محکمہ اینٹی کرپشن کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔

ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن نے بتایا کہ موجودہ سال کے دوران 357 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ جبکہ 30 جون تک 219 شکایات ثابت نہ ہونے پر داخل دفتر کر دی گئی ہیں البتہ الزامات ثابت ہونے پر 13 شکایات میں ملزمان کیخلاف مقدمات درج کیے گئے جو زیر تفتیش ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن نے سنئیر وزیر کو مسائل سے بھی آگاہ کیا اور حکومت سے درکار سہولیات اور دفتری جگہ کی کمی سے بھی آگاہ کیا۔ آخر میں ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن نے سنئیر وزیر کا دفتر دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس دوران سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنا لوجی رفاقت علی اور سپر نٹنڈنٹ پولیس اینٹی کرپشن سلیم درانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔