کل جماعتی حریت کانفرنس کا بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پرتشویش کا اظہار

بدھ 10 جولائی 2024 17:04

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرکی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز مسلسل بے گناہ شہریوں کو گرفتار اورہراساں کررہی ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوجیوں، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں نے حالیہ دنوں میں سرینگر، گاندربل، بانڈی پورہ، کپواڑہ، بارہمولہ، کولگام، شوپیاں، کٹھوعہ، راجوری، پونچھ، ڈوڈہ اور سانبہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران متعدد بے گناہ شہریوں کو گرفتار اورہراساں کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سکیورٹی کے نام پر لوگوں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے اوران کو ہراساں کیاجارہا ہے۔محاصرے اورتلاشی کی مسلسل کارروائیوں اورپوچھ گچھ کے باعث مقامی آبادی کی مشکلات اور ذہنی تنائو بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ان کارروائیوں کے ذریعے اپنے جنگی جرائم کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے اور اس نے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے کوایک فوجی چھائونی اور پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگست 2019سے پورا علاقہ محاصرے میں ہے اورلوگوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔حریت ترجمان نے کہاکہ بھارت کی بی جے پی حکومت نہ تو امن اور ترقی کے جھوٹے پروپیگنڈے سے عالمی برادری کو گمراہ کر سکتی ہے اورنہ ہی کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ختم کر سکتی ہے ۔