خیبر پختونخوا میں بارشوں کے نتیجے میں حادثات، 4 افراد جاں بحق،31افراد زخمی

آندھی، بارش اور ژالہ باری کے باعث مجموعی طور پر 5 گھروں کو نقصان پہنچا ،دو گھر مکمل طور پر تباہ

پیر 15 جولائی 2024 20:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2024ء) خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور 31 افراد زخمی ہو گئے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم ای)نے پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران جھکڑ، تیز بارشوں اور ژالہ باری کے باعث ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی۔

بیان میں بتایا گیا کہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 4 افراد جاں بحق، 31 افراد زخمی ہوئے اس سلسلے میں بتایا گیا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 2 مرد، ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 7 مرد، 10 خواتین اور 14 بچے شامل ہیں۔بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی تفصیلات بتاتے ہوئے پی ڈی ایم اے نے کہا کہ آندھی، بارش اور ژالہ باری کے باعث مجموعی طور پر 5 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں تین گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا جبکہ دو گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔

(جاری ہے)

بیان میں بتایا گیا کہ تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع بنوں، بٹگرام اور شمالی وزیرستان میں رونما ہوئے جہاں پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں اس حوالے سے بتایا گیا کہ پی ڈی ایم اے کو متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد مالی و امدادی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور پی ڈی ایم اے، متعلقہ ادارے اور تمام ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔