واسا حکام، مشینری اور فیلڈ عملہ نکاسی آب کے مکمل ہونے تک فیلڈ میں موجود رہیں،ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ

جمعرات 18 جولائی 2024 20:50

گوجرانوالہ 18 جولائی (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2024ء) ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد طارق قریشی نے کہا کہ واسا حکام، مشینری اور فیلڈ عملہ نکاسی آب کے مکمل ہونے تک فیلڈ میں موجود رہیں۔جن علاقوں میں زیادہ آمد ورفت ہے ایسے علاقوں میں زیادہ مشینری (ڈی واٹرنگ، سکر مشینیں) لگائی جائیں تاکہ ان علاقوں میں مسائل درپیش نہ آئیں۔

ڈپٹی کمشنر نے سول ہسپتال روڈ، جناح اسٹیڈیم، سول لائن، سیالکوٹ روڈ اور دیگر علاقوں کے دورہ کے موقع پرتمام اسسٹنٹ کمشنرز، واسا، میونسپل کمیٹیوں کے افسران کوہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مون سون سے متوقع اربن فلڈنگ، برساتی نالوں اور دریائے چناب میں سیلاب کی صورت سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے تمام انتظامات بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ عملہ چوکس رہے تمام روڈ سائیڈز ڈرین ڈیسلٹنگ کو جاری رکھا جائے اورتمام مقامات پر نکاسی آب کے نظام کی مکمل جانچ کی جائے تاکہ بارش کے دوران پانی کی نکاسی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے اس کے علاوہ مون سون ایمرجنسی کیمپس میں مشینری کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بارش کے دوران فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لیے آگہی دی جائے۔ ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنرز(سٹی عبدالباسط اور صدر عثمان سکندر نے گوجرانوالہ شہر کے نشیبی علاقوں کا دورہ کیا، اسسٹنٹ کمشنرز (وزیرآباد ربنواز چدھڑ، نوشہرہ ورکاں نوید حیدر اور کامونکی خرم مختار) نے بھی نکاسی آب کے عمل کی خود نگرانی کی اور میونسپل کمیٹیز کے عملہ و مشینری کو متحرک رکھا۔\378