وفاقی وزیر عبد العلیم خان سے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر کی ملاقات

دہشت گردوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں،دونوں رہنمائوں میں اتفاق

منگل 23 جولائی 2024 21:39

وفاقی وزیر عبد العلیم خان سے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر کی ملاقات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2024ء) صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے صدر اے این پی و سینیٹر ایمل ولی خان نے ملاقات کی ہے ،دونوں رہنمائوں کے درمیان دہشت گردانہ واقعات سمیت ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا،عبد العلیم خان نے دیر کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر ایمل ولی خان کو مبارکباد دی ،وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبہ خیبرپختونخواہ میں مانسہرہ سے بابو سر ٹاپ تک موٹروے کی تعمیر اولین ترجیح ہے، کے پی کے میں مانسہرہ سے گلگت تک تیز تر روڈ نیٹ ورک'' گیم چینجر'' ثابت ہوگا، موٹرویز پر اوور لوڈنگ والے ٹرک اور ٹرالرز کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا ہے، دہشت گردوں کے خلاف ہر علاقے میں بلا امتیاز کاروائیاں ہونی چاہیے، نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد، دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف سخت ایکشن کی ضرورت ہے، دہشت گردی کے خلاف ساری قوم یک آواز، قلع قمع ہونا چاہیے،لانگ ٹرم بنیادوں پر سیاسی پالیسیوں کو استحکام ملنا چاہیے، ملکی ترقی کے لئے سیاسی جماعتوں کے مابین ہم آہنگی انتہائی اہمیت کی حامل ہے،ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک بھر میں دہشت گردی کو ہر صورت جڑ سے اکھاڑنا ہو گا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وفاقی وزیر عبد العلیم خان سے ممبر قومی اسمبلی سردار محمد یوسف نے بھی ملاقات کی ہے اور وفاقی وزیر کو دورہ مانسہرہ کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلی۔