Live Updates

ڈیجیٹل دہشتگردی کی اصل وابستگی علیحدگی پسندوں سے ہے، فواد چوہدری

بدقسمتی سے اسٹیبلشمنٹ کی توجہ سیاسی وجوہات کی بنا پر پی ٹی آئی پر ہے

منگل 23 جولائی 2024 22:32

ڈیجیٹل دہشتگردی کی اصل وابستگی علیحدگی پسندوں سے ہے، فواد چوہدری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2024ء) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے اسٹیبلشمنٹ کی توجہ سیاسی وجوہات کی بنا پر پی ٹی آئی پر ہے لیکن ڈیجیٹل دہشت گردی کا پی ٹی آئی سے منسلک اکاؤنٹس سے بہت کم تعلق ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فوج، آئی ایس آئی اور آرمی چیف کے خلاف مسلسل مہمات پی ٹی ایم، بی ایل اے، ٹی ٹی پی اور ان جیسے لوگوں کی جانب سے چلائی جاتی ہیں، نامعلوم اکاؤنٹس صرف پی ٹی آئی کے نام کے ٹیگ استعمال کر رہے ہیں لیکن ان کے اصل وابستگی علیحدگی پسندوں سے ہے، جنہوں نے پی ٹی آئی قربانی کا بکرا بنایا تاکہ عوام بمقابلہ فوج کے ڈیزائن کو پیش کرنے کا ماحول بنایا جا سکے۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان وفاق پرست اور قوم پرست رہنما ہیں جو کبھی بھی ایسے ایجنڈوں کی حمایت نہیں کریں گے، یہ عمران خان ہی تھے جنہوں نے کہا تھا کہ فوج مجھ سے زیادہ پاکستان کے لیے اہم ہے، ہمیں دیکھنا ہوگا اور اصل ایجنڈے تک پہنچنے کی ضرورت ہے، سب کو مل کر کام کرنے اور دشمن کے اس مذموم عزائم کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ میری پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں سے بھی گزارش ہے کہ سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار پر بے شک تنقید کریں کیوں کہ یہ مداخلت ناقابل قبول ہے لیکن انہیں پاکستان اور فوج مخالف ایجنڈوں سے دور رہنا چاہیے، دوسری طرف حکام کو بھی عوام کی رائے کا احترام کرنا چاہیئے، جبر ختم کرنا چاہیے اور 8 فروری کے فیصلے کو قبول کرنا چاہیئے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات