21 اور 22 جولائی تاریخ کے گرم ترین دن ریکارڈ

اس سال کی گرمی نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے، یورپی یونین مانیٹر نگ ایجنسی کا انکشاف

جمعرات 25 جولائی 2024 16:49

21 اور 22 جولائی تاریخ کے گرم ترین دن ریکارڈ
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2024ء) رواں برس جولائی کے 2 روز مسلسل تاریخ کے گرم ترین دن ریکارڈ کئے گئے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی یونین مانیٹر نگ ایجنسی کے اعداد و شمار میں کہاگیاکہ رواں برس 21 اور 22 جولائی تاریخ کے گرم ترین دن ریکارڈ کئے گئے۔دنیا بھر میں گرمی کی لہر بحیرہ روم، روس اور کینیڈا کے کچھ حصوں میں لگنے والی آگ نے عالمی سطح پر ہوا کا اوسط درجہ حرارت کو 22 جولائی (پیر) کو 17.15 ڈگری سیلسیس (62.87 ڈگری فارن ہائیٹ) تک پہنچا دیا۔

(جاری ہے)

یورپی یونین کی کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کے مطابق 22 جولائی کا درجہ حرارت اتوار 21 جولائی سے 0.06C (0.11F) زیادہ تھا، گزشتہ سال جولائی میں 17.08 ڈگری سیلسیس یعنی 62.74 فارن ہائیٹ گرمی ریکارڈ کی گئی تھی تاہم اس سال کی گرمی نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔1940 سے موسمیاتی اعداد و شمار ریکارڈ کرنے والی کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کے مطابق یومیہ درجہ حرارت کا اوسط ریکارڈ اس سال اتوار 21 جولائی کو ٹوٹ گیا تھا۔یاد رہے کہ آخری بار دنیا کا گرم ترین دن جولائی 2023 میں ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ سائنس دانوں نے دعوی کیا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران 22 جولائی کا ریکارڈ ایک بار پھر ٹوٹ سکتا ہے۔