حوا کی بیٹی بربریت کا شکار

ظالم رشتہ داروں نے شوہر کیساتھ ملکر رات کے اندھیرے میں گھر میں داخل ہوکر ڈنڈوں اور کلہاڑیوں کے وار کرکے ٹانگیں توڑ ڈالی

Shahbaz Ali Asadi شہباز علی اسدی جمعرات 25 جولائی 2024 17:39

نواب شاہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جولائی 2024ء ) ضلع نوشہروفیروز میں حوا کی بیٹی بربریت کا شکار۔ظالم رشتہ داروں نے شوہر کیساتھ ملکر رات کے اندھیرے میں گھر میں داخل ہوکر ڈنڈوں اور کلہاڑیوں کے وار کرکے ٹانگیں توڑ دیں۔ تشدد زدہ خاتون پی ایم سی ہسپتال نواب شاہ منتقل۔صوبائی وزیر وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ شاہینہ شیر علی کا نوٹس۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نوشہروفیروز میں رونما ہونے والے افسوسناک واقعہ میں ثوبیہ بتول نامی خاتون کو اس کے شوہر کیساتھ ملکر رشتہ داروں نے رات ایک بجے اس وقت بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ اپنی والدہ اور بچے کے ساتھ سورہی تھی۔

ملزمان نے ڈنڈوں اور کلہاڑیوں کا آزادانہ استعمال کیاجس کے نتیجے میں مسماۃ ثوبیہ بتول لہو لہان ہوگئی اور اس کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔

(جاری ہے)

زخمی ثوبیہ کو علی الصبح پولیس نے پی ایم سی ہسپتال نوابشاہ منتقل کردیا جہاں اس کی حالت ابتر ہے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صوبائی وزیر وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ شاہینہ شیر علی اور سیکریرٹری رشید زرداری نے واقعہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نوٹس لیا اور ملزمان کیخلاف سخت سے سخت انونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت جاری کی ہے اس ضمن میں وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کمپلین سیل شہید بینظیرآباد کی انچارج میڈم زیب النساء نے ہسپتال پہنچ کر ثوبیہ بتول کی عیادت کی اور بیان لیا۔

پی ایم سی ہسپتال میں زیر علاج ثوبیہ بتول نے بتایا کہ میرے شوہر سے میرے  تعلقات خراب تھے جس کی وجہ سے میں اپنی والدہ کے پاس رہ رہی تھی میرے شوہر شہروز شاہ نے والد غلام مصطفیٰ شاہ اور دیگر رشتہ داروں کو ورغلا کر انہیں میرے خلاف اکسایا اور ملزمان نے رات گئے گھر میں گھس کر مجھے ۔میری والدہ اور بچے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ثوبیہ کے مطابق ملزمان نے ڈنڈوں اور کلہاڑوں کے پے در پے وار کیےاور لہولہان کردیا اور میری دونوں ٹانگیں توڑ دیں ۔

ثوبیہ کے مطابق حملے میں میرے بچے اور والدہ کو بھی شدید چوٹیں آئی ہیں اور ان کی جان کو شدید خطرہ ہے ملزمان آزادانہ طور پر دندناتے پھر رہے ہیں جبکہ پولیس نے ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔پی ایم سی ہسپتال نوابشاہ میں وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی کمپلین سیل کی انچارج میڈم زیب النساء نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے مجرمانہ اقدامات کی بھرپور حوصلہ شکنی کی جائے گی انہوں نے بتایا کہ صوبائی وزیر وویمن ڈویلپمنٹ شاہینہ شیر علی اور سیکریٹری وویمن ڈویلپمنٹ رشید زرداری نے اس واقعہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ ملزمان کیخلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے ثوبیہ کو انصاف دلایاجائے اور اس طرح کی واقعات کی حوصلہ شکنی کی جائے