حکومت ریونیو ایمپلائز کے تمام جائز مطالبات فوری طور پر پورے کرے،راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ

جمعرات 1 اگست 2024 16:42

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2024ء) صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزاد جموں وکشمیر راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریونیو ایمپلائز کے تمام جائز مطالبات فوری طور پر پورے کرے آج ریونیو ایمپلائز کی ہڑتال کو 67 دن ہو چکے ہیں لیکن کوئی بھی وزیر یا مشیر ان کے پاس ان کی داد رسی کے لئے نہیں گیا جو کہ انتہائی افسوسناک ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ ریونیو ملازمین کی ہڑتال کے باعث سائلین دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اشرافیہ تو اپنی مراعات میں اضافے کے لئے نوٹیفکیشن پر نوٹیفکیشن کروا لیتی ہے لیکن کم سکیل والے ملازمین آج کی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جس طرح دیگر محکمہ جات کے ملازمین کو الاؤنسز دیئے جا رہے ہیں ویسے ہی ریونیو ملازمین کو الاؤنسز دیئے جائیں اور فی الفور ان کے تمام جائز مطالبات پورے کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ریونیو ملازمین کی ہڑتال کے باعث عوام الناس دفاتر کے چکر لگا لگا کر تھک چکی ہے سائلین کو وقت پر پشتینی سرٹیفکیٹ اور ڈومیسائل جاری کروانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وزیراعظم آزادکشمیر اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور ریونیو ملازمین کے مسائل حل کریں۔