وزیر تعلیم کا میٹرک کے ٹاپرز کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کااعلان

تمام بورڈز کے ٹاپر طلبہ کو خصوصی ایوارڈز ،بڑے کیش پرائز دیئے جائیں گے‘رانا سکندر حیات

ہفتہ 3 اگست 2024 19:12

وزیر تعلیم کا میٹرک کے ٹاپرز کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کااعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2024ء) میٹرک کے ٹاپرز کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئیں۔وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی صدارت میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا، ڈی سی آفس، ہوم ڈیپارٹمنٹ، آئی جی آفس، پروٹوکول سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ تمام بورڈز کے ٹاپر طلبہ کو خصوصی ایوارڈز اور بڑے کیش پرائز دیئے جائیں گے، لاہور آمد پر طلبہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا اور مکمل پروٹوکول کے ساتھ تقریب کے مقام پر لایا جائے گا، طلبہ کے اعزاز میں شاہی قلعہ میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ طلبہ اور انکے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر طالب علم کی جانب سے نامزد استاد کو بھی خصوصی ایوارڈ سے نوازا جائے گا، وزیر تعلیم نے عِندیہ دیا کہ تقریب میں وزیراعلی پنجاب کی طرف سے طلبہ کیلئے سکالرشپس کا اعلان بھی متوقع ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب بھر سے آنے والے ٹاپر طلبہ، اساتذہ اور والدین 2روز لاہور میں قیام کریں گے، تقریب کا انعقاد 7اگست کو مقامی ہوٹل میں کیا جائے گا، حکومت کی سطح پر ایسی پروقار تقریب کا انعقاد 7 سال بعد کیا جا رہا ہے، شہباز شریف کے بعد اب مریم نواز نے ٹاپر بچوں کے اعزاز میں تقریب کی ہدایت کی ہے۔