موجودہ صورتحال میں نوجوانوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، نوجوان اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں،نعمت اللہ ظہیر

منگل 6 اگست 2024 16:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2024ء) چیئرمین خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل نعمت اللہ ظہیر نے کہا ہےکہ موجودہ صورتحال میں نوجوانوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، نوجوان اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں، پشین کے نوجوانوں میں بھرپور ٹیلنٹ موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشین کے نوجوانوں نے ہر میدان میں اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، کرکٹ اور فٹبال پشین کے مقبول ترین کھیل بن چکے ہیں، خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل نوجوانوں کو ہر میدان میں سپورٹ کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین میں اپنی رہائش گاہ پر نوجوانوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کو فروغ دے کر ہی ہسپتالوں کو ویران کیا جا سکتا ہے اور نوجوانوں کو منشیات سمیت دیگر سماجی برائیوں سے دور رکھا جا سکتا ہے، اسی نظریے کے تحت خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل نے ہمیشہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔