غیرت کے نام پر قتل کی کوئی معافی نہیں،مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، حنا پرویز بٹ

منگل 6 اگست 2024 22:34

غیرت کے نام پر قتل کی کوئی معافی نہیں،مستقبل میں ایسے واقعات کی روک ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2024ء) چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل کی کوئی معافی نہیں،مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔چکوال میں 2بچوں کی والدہ کے قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے،پنجاب حکومت ان دونوں بچوں کی کفالت کرے گی۔منگل کو جاری اپنے ایک بیان میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ میرا پہلا کیس ملتان میں ثانیہ زہرا کا تھا۔

اس قتل میں نئی پیش رفت سامنے آئی وہ خودکشی نہیں قتل تھا۔اس کے خاوند علی رضا نے اپنی بیوی کو قتل کیا اور معاملہ خودکشی کا بنایا۔پنجاب فرانزک لاہور کی ٹیم نے اس کا ڈی ین اے میچ کر لیا ہے، فرانزک ٹیم ملتان جا رہی ہے۔یہ ایک بہت حساس نوعیت کا کیس تھا جسے پولیس نے جدید وسائل سے حل کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر چیئرپرسن وومین پروٹیکشن اتھارٹی حناپرویز بٹ چکوال پہنچیں۔

حنا پرویز نے 2روز قبل غیرت کے نام پر قتل ہونے والی مقتولہ کی فیملی اور بچوں سے ملاقات کی۔انہوں نے حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف کی یقین دہانی کرائی۔مقتولہ کے دونوں بچوں کی کفالت اور متاثرہ خاندان کی مالی امداد کی جائے گی۔خواتین پر بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات کو روکنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔غیرت کے نام پر قتل کی کسی صورت کوئی معافی نہیں۔مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔اس واقعہ میں ملوث دونوں ملزمان گرفتار ہیں اور انہوں نے اپنا جرم قبول بھی کر لیا ہے۔ملزم نے اپنی بیوی کو انتہائی سفاکیت کے ساتھ قتل کیا،آلہ قتل درانتی بھی برآمد کر لی ہے۔