جموں و کشمیر پیپلز لیگ کا حریت رہنما شیخ عبدالعزیز شہید کو ان کی برسی پر خراج عقیدت ، مشن ہر قیمت پر منطقی انجام تک جاری رکھنے کےعزم کا اعادہ

جمعرات 8 اگست 2024 11:46

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں” جموں و کشمیر پیپلز لیگ“ نے ممتاز حریت رہنما شیخ عبدالعزیز کو شہادت کی 16ویں برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداکے مشن کو ہر قیمت پر اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیاہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین ڈاکٹر مصعب نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں شیخ عبدالعزیز کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ بھارتی عقوبت خانوں اورجیلوں میں گزار اور اپنی آخری سانس تک کشمیر کی آزادی کےلئے بے لوث جدوجہد کرتے رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز جموں وکشمیر کے مملکت خداد اد پاکستان کے ساتھ الحاق کے پرجوش حامی تھے ، شیخ عبدالعزیز اور دیگر لاکھوں شہدابھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف مزاحمت کی علامت ہیں ۔

ا نہوں نے کہا کہ کشمیری شیخ عزیز جیسے عظیم شہداکی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور ان کے خون سے غداری کرنے کی ہرگز اجات نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پیپلز لیگ کی ایگزیکٹیوباڈی نے مختار احمد وازہ کے خلاف نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت معطل کر دی ہے۔دریں اثنا جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے نائب چیئرمین اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما سید اعجاز رحمانی نے بھی ایک بیان میں پارٹی مخالف سرگرمیوں کے خلاف سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایسی سرگرمیوں یا ڈھونگ انتخابات میں شرکت کو غداری تصور کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ بھارتی فوجیوں نے شیخ عبدالعزیز کو11اگست 2008کو ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں اس وقت شہید کرد یا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے وادی کشمیر کی معاشی ناکہ بندی کے خلاف کنٹرول لائن کی طرف ایک جلوس کی قیادت کر رہے تھے۔