ڈاکٹرشاہد صدیق کو زیرحراست ملزم کے والد نے قتل کیا، واردات میں استعمال گاڑی قبضے میں لے لی گئی

ہفتہ 10 اگست 2024 18:24

ڈاکٹرشاہد صدیق کو زیرحراست ملزم کے والد نے قتل کیا، واردات میں استعمال ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2024ء) اکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اور نجی ہسپتال کے مالک ڈاکٹر شاہد صدیق قتل کیس میں اہم انکشافات سامنے آگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق زیرحراست ملزم شہریار کے والد سجاد نے ڈاکٹر شاہد صدیق کو قتل کیا ہے۔ملزم سجاد 100سے زائد کار چوری کے مقدمات میں مطلوب ہے۔ ملزم سجاد نے اپنی اہلیہ شہناز کے نام پر گاڑی کرائے پر لی۔

شہناز کا بھتیجا گاڑی لیکر آیا اور سجاد کے حوالے کی۔پولیس کے مطابق واردات کے لئے کرائے پر لی گئی گاڑی جعلی نمبر پلیٹ کے ساتھ استعمال کی گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق وقوعہ کے وقت گاڑی کو جعلی نمبر پلیٹ AHC:798 لگائی گئی، شہر سے نکلنے کے بعد ملزمان نے گاڑی کو اصل نمبر پلیٹ AAF:450 واپس لگادی۔پولیس کے مطابق مقتول کے بیٹے قیوم نے شہریار سے اپنے والد کے قتل کی ڈیل 2کروڑ میں کی۔

(جاری ہے)

قتل کے بعد شہریار اور اس کے والد سجاد کو 16لاکھ روپے دئیے گئے۔ قتل کے بعد کیس سے متعلق ملزم سجاد نے ایک وکیل سے رابطہ کیا۔ وکیل نے پولیس کواطلاع دی مگر اس سے پہلے ہی ملزم سجاد فرار ہو گیا۔واردات کے لئے استعمال ہونے والی گاڑی بھی پولیس نے قبضے میں لے لی ہے۔ دو اگست کو والد کا قتل کروانے کے بعد ملزم قیوم اپنی دوست سے ملنے بھی گیا ۔مرکزی ملزمان شہریار، اس کے والد سجاد اور چچا شاہد تاحال مفرور ہیں، جبکہ پولیس نے مقتول کے بیٹے قیوم سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کر رکھا ہے۔