شہبازشریف معیشت کو اٹھانے اور ملک کو آگے لے جانے میں ناکام رہے

شہبازشریف سرمایہ کاری کیلئے چین گئے تو کہا گیا پہلے سیاسی استحکام اور امن وامان کی صورتحال ٹھیک کرو، گندم اتنی درآمد کی گئی کہ کسانوں کی گندم گھروں میں پڑی ہوئی ہے۔ سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 10 اگست 2024 20:01

شہبازشریف معیشت کو اٹھانے اور ملک کو آگے لے جانے میں ناکام رہے
مردان ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست 2024ء) جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ شہبازشریف معیشت کو اٹھانے اور ملک کو آگے لے جانے میں ناکام رہے، شہبازشریف سرمایہ کاری کیلئے چین گئے تو کہا گیا پہلے سیاسی استحکام اور امن وامان کی صورتحال ٹھیک کرو، گندم اتنی درآمد کی گئی کہ کسانوں کی گندم گھروں میں پڑی ہوئی ہے۔

انہوں نے کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نقصان پہنچانے کا آغاز سیاسی عد م استحکام سے ہوا ، میں نے کہا کہ سیاسی نظام کو مستحکم رکھو، ورنہ معاشی عدم استحکام کا دور آئے گا، پھر معاشی عدم استحکام کا دور چلا، پاکستان کی معیشت کی حالت اچھی نہیں ،میں نے یہ بھی کہا تھا کہ معیشت اس قدر گر چکی کہ آنے والی حکومت نہیں اٹھا سکے گی۔

(جاری ہے)

میاں شہبازشریف نے فرمایا کہ بطوروزیراعظم ملکی معیشت کو اٹھانے کا چیلنج قبول کیا ہے، میں معیشت کو اٹھاؤں گا، لیکن شہبازشریف معیشت کو نہیں اٹھا سکے، چین گئے تو آرمی چیف کو بھی ساتھ لے کر گئے، چینی سفارتکاری کو بحال کرنے کیلئے چینی حکومت کو آمادہ کرنے کی کوشش کی، انہوں نے ایک ہی بات کی کہ آپ کے ہاں سیاسی استحکام نہیں اور امن وامان کی صورتحال خراب ہے۔

جب امن وامان کی صورتحال خراب ہوگی تو معیشت بھی ٹھیک نہیں ہوگی۔ میں اسمبلی میں کہا کہ آپ دونوں چین گئے تسلیم کریں کامیاب ہوکر نہیں آئے۔ چین کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھائیں گے تو پھر ملک کو نقصان پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام صورتحال کے ساتھ ہم نے ملک کو بچانا ہے اور طاقتور دیکھنا ہے، ہم نے پاکستان کو خوشحال رکھا پاکستان کو اپنا گھر سمجھا، امریکا اور مغرب دنیا میں نئی جغرافیائی تقسیم پیدا کررہا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غیرضروری طور پر گندم کیوں درآمد کی گئی ، یہاں کسانوں کی گندم گھروں میں پڑی رہ گئی ہے۔