ٹوبیکو کمپنی میں ایف بی آر کے اہلکاروں کی تعیناتی کیخلاف دائر درخواست پر متعلقہ فریقین سے جواب طلب

جمعہ 23 اگست 2024 21:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے ایک نجی ٹوبیکو کمپنی میں ایف بی آر کے اہلکاروں کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت سمیت دیگر متعلقہ فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے ٹوبیکو کمپنی کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت درخواست گزار کمپنی کے وکیل پیر مسعود چشتی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی مؤکل کمپنی تمام اقسام کے ٹیکسز باقاعدگی سے ادا کرتی ہے ایف بی آر نے کمپنی میں مستقل طور پر اپنے اہلکار تعینات کر دیے ہیں، جو کمپنی کے روزمرہ آپریشن میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قانون کے مطابق ایف بی آر اہلکار صرف تین ماہ تک چیکنگ کے لیے تعینات ہوسکتے ہیں، لیکن یہاں معاملہ اس قانون کی خلاف ورزی کا ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت ایف بی آر کے اہلکاروں کو کمپنی کے آپریشن میں رکاوٹیں ڈالنے سے روکنے کا حکم دے۔