پیپلز پارٹی نے ہمیشہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو نمائندگی دی ‘سید حسن مرتضیٰ

جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سے نیشنل لابنگ ،بھٹہ یونین کے وفود کی الگ الگ ملاقات

جمعہ 30 اگست 2024 23:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2024ء) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی سے نیشنل لابنگ اور بھٹہ یونین کے وفود نے پیپلز سیکرٹیریٹ میں الگ الگ ملاقات کی۔ملاقات میں پیپلز پارٹی کی رکن پنجاب اسمبلی نیلم جبار،احسن رضوی،ذیشان شامی اور ممبر کوارڈینیشن کمیٹی نادیہ شاہ بھی موجود تھے،نیشنل لابنگ ڈیلیگیشن فار مینارٹی رائٹس کے وفد کی قیادت فیصل الیاس اور نازیہ سردار نے جبکہ بھٹہ یونین کا وفد کرامت علی کی قیادت میں ملا،وفد میں محمد ناصر،عبدالغفور،جمیلہ بی بی،نصرت بی بی ،سنیتا بی بی اور کلثوم بی بی شامل تھیں،نیشنل لابنگ کے وفد نے سینٹری ورکرز کو درپیش مسائل اور انہیں مستقل کرنے میں حائل رکاوٹوں پر روشنی ڈالی۔

وفد کے سربراہ فیصل الیاس نے بتایا کہ مسیحی سینٹری ورکرز کو ریگولر ہونے سے روکنے کے لئے 3ماہ بعد نوکری سے فارغ کر دیا جا تا ہے۔

(جاری ہے)

مسلم ورکرز کی طرح مسیحی ورکرز کو بھی انکے تہواروں سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میں 300سیور مینوں میں سے نصف ڈیلی ویجز پر ہیں جبکہ آبادی کے لحاظ سے یہاں 1200 سیور مین ہونے چاہئیں ،سینٹری ورکرز کی اکثریت ہیپاٹیٹس سی کے مرض کا شکار ہے۔

فیصل الیاس کا کہنا تھا جی ورکرز کو گٹروں کی صفائی کے دوران کوئی حفاظتی کٹ فراہم نہیں کی جاتی، سینٹری ورکرز سے 8گھنٹے کی بجائے غیر محدود وقت تک کام لیا جاتا ہے۔بعد ازاں بھٹہ مزدور یونین اوکاڑہ،حجرہ شاہ مقیم،ساہیوال،دیپالپور، کے ممبران نے یونین صدر کرامت علی کی قیادت میں پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔حسن مرتضی اور نیلم جبار نے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں کو پارٹی پرچم پہنا کر خوش آمدید کہا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کو نمائندگی دی ہے،ایک مسیحی خاتون کے لئے آواز بلند کرنے پر پی پی کے گورنر سلمان تاثیر کو اپنی جان کا نذرانہ دینا پڑا۔