مظفرآباد ،کرپشن کا مکمل صفایا کرنے کیلئے اینٹی کرپشن کو اسلحہ و ایمونیشن فراہم کر دیا گیا

بدھ 4 ستمبر 2024 21:43

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2024ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے ویژن کے مطابق کرپشن کا مکمل صفایا کرنے کیلئے اینٹی کرپشن کو اسلحہ اور ایمونیشن فراہم کر دیا گیا ۔ خرید کردہ نئے اسلحہ اور ایمونیشن کا معیار چیک کرنے کیلئے پولیس لائین مظفر آباد کے فائرنگ بٹ میں ٹیسٹ فائر کیا گیا۔ ٹیسٹ فائر کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن چوہدری مختار حسین، سپرنٹنڈنٹ پولیس اینٹی کرپشن محمد سلیم درانی، سپر نٹنڈنٹ پولیس ریز رو ثاقب عباسی، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس لیگل اینٹی کرپشن عارف مجید، عارف منیر انسٹرکٹر، عامرستی، تصور حمید آرمور اور اینٹی کرپشن پولیس کے جوان موجود تھے۔

ٹیسٹ فائر میں اینٹی کرپشن کے افسران اور جوانوں نے نئی خرید کردہ اسلحہ کا معیار جانچنے کیلئے فائرنگ میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن نے محکمہ انسداد بد عنوانی و رشوت ستانی کو افرادی قوت اور مالی وسائل کی فراہمی پر حکومت کا شکر یہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ اینٹی کرپشن آزاد جموں و کشمیر سے کرپشن کا صفایا کرنے کیلئے کسی قسم کی مصلحت کا شکار نہیں ہوگی اور کرپٹ عناصر کے خلاف محکمہ اینٹی کر پشن کریک ڈاون اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ان کا مکمل صفایا نہیں ہو جاتا۔ آخر میں انہوں نے ٹیسٹ فائر کے سلسلے میں معاونت کرنے اور اس سلسلے میں ضروری انتظامات کرنے پر ریز روپولیس کے افسران کا شکریہ ادا کیا۔